کیتھال ۔9اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام )مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کانگریس کو دفعہ 370کے بارے میں اس کے موقف پر آج تنقید کا نشانہ بنایا اور ملک کی طرف سے حاصل کردہ پہلے رافیل طیارے کی شستر پوجا پر کی جانے والی تنقید پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ۔ امیت شاہ نے کہاکہ ’’ کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے دفعہ 370کی تنسیخ کی مخالفت کی ہے ۔ راہول سے میں یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ آیا وہ دفعہ 370کی تنسیخ کے حق میں ہے یا مخالف ہیں ۔ انہیں چاہیئے کہ اس کا واضح جواب دیں ‘‘ ۔ شاہ نے مزید کہا کہ ’’ بی جے پی جو کچھ کررہی ہے کانگریس اس کی مخالفت کررہی ہے ‘‘ ۔ وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کی جانب سے گذشتہ روز پیرس میں لڑاکاطیارہ رافیل کے حصول کے بعد شستر پوجا پر کانگریس کے بعض قائدین کے تبصروں کا بالواسطہ حوالہ دیتے ہوئے امیت شاہ نے کہاکہ کانگریس کے لوگوں کو اب یہ بھی (پوجا)برا محسوس ہونے لگا ہے ۔