کانگریس کے لئے جموں و کشمیر کے خصوصی موقف کی برخواستگی خودکشی کے مساوی، راہول کے بیان کی تردید
دہرادون ۔ /11 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اتراکھنڈ کے بی جے پی کے ریاستی یونٹ نے اتوار کو بتایا کہ جموں و کشمیر کو دفعہ 370 کے تحت دیئے گئے خصوصی موقف کو کالعدم قرار دینا کانگریس کے لئے خودکشی ثابت ہوگا ۔ ریاستی بی جے پی کے صدر بھٹ نے مزید کہا کہ ریاست کے خصوصی موقف کی برخاستگی کے بعد جموں و کشمیر اور لداخ میں ترقی کا ایک نیا دور متعارف ہوگا ۔ انہوں نے کانگریس کے موقف کا پاکستان سے تقابل کرتے ہوئے بیان کیا کہ جموں و کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان اور کانگریس کے موقف میں بہت ہی معمولی سا فرق پایا جاتا ہے ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس اقدام کی مخالفت کرکے کانگریس نے ثابت کردیا کہ وہ علحدگی پسندوں کے ساتھ ہے ۔ تاہم انہوں نے کانگریس کے سینئر اور بزرگ قائدین جنہوں نے بی جے پی کے اس اقدام کی تائید کی ان کا شکریہ ادا کیا ۔ نینی تال کے بی جے پی کے رکن پارلیمان نے دفعہ 370 کے سبب دہشت گردی اور بدعنوانی میں کسی طرح اضافہ ہورہا ہے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس دفعہ کے سبب ملک کے دوسرے حصوں کے شہریوں کو جو فوائد حاصل ہیں اس سے جموں و کشمیر کے لوگ محروم ہیں ۔ یہاں عورتوں کو مردوں کے برابر حقوق حاصل نہیں ہے ۔ لوگوں کو حق اظہار خیال نہیں دیا گیا ہے جس سے بدعنوانی بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے بیان کیا کہ حتی کہ طلباء کو تحصیل علم کا حق حاصل نہیں ہے اور درج فہرست ذاتوں اور قبائیل کو کوئی تحفظ سے فائدہ حاصل نہیں کرسکتے ۔ جموں و کشمیر کے خصوصی موقف کی برخاستگی سے اس ریاست کے تمام لوگوں کی ترقی کے مواقع کے دروازے کھل جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور امیت شاہ نے اس دفعہ کو ختم کرکے مکرجی اور سردار پٹیل کے خواب کو پورا کیا ہے ۔ جموں و کشمیر کی پولیس نے ہفتہ کی رات بتایا کہ ریاست کی صورتحال پرامن ہے اور گزشتہ ہفتہ سے اب تک ریاست میں کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ کے بیان کے مطابق چھوٹے موٹے سنگ باری کے واقعات کو چھوڑکر ریاست میں کوئی بڑا واقعہ نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ سنگ باری کے واقعات سے فوری نمٹا گیا اور انہیں بڑھنے سے پہلے ہی روک دیا گیا ۔ جب ان سے راہول گاندھی کے اس بیان کے بعد دریافت کیا گیا جس میں انہوں نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست جموں و کشمیر کی صورتحال بہت خراب ہے ۔ ان کے اس بیان کے فوری بعد سرینگر کی پولیس نے اپنے ٹوئیٹ پر بتایا کہ صورتحال پرامن ہے ۔ ٹوئیٹ میں بیان کیا گیا ہے ۔ ریاست کے چند مقامات پر عارضی طور پر پابندیاں اٹھالی گئی ہیں ۔ جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے اتوار کے دن عیدالاضحی کے مبارک و مسعود موقع پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی اور ان کی بہتری اور خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔ اپنے پیغام میں گورنر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ عید فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، برادرانہ تعلقات اور باہمی خلوص کے رشتوں کو مزید مستحکم کرے گی ۔ انہوں نے جموں و کشمیر کی عظیم الشان تکثیری اقدار کے احیاء کی بھی امید ظاہر کی جس کے لئے جموں و کشمیر کی صدیوں تک معروف رہے ۔
