دفعہ 370 کی منسوخی سے علیحدگی پسندی کو تقویت ملی:عمر عبدا ﷲ

   

جموں ۔ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبدا للہ کا کہنا ہے کہ 370 کی منسوخی کے بعد بھاجپا کے سبھی دعوئے اور وعدئے سراب ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدر پورہ مبینہ تصادم کی تحقیقات میں وقت لگ سکتا ہے جس کے پیش نظر گول رام بن کے اہل خانہ کو عامر ماگرے کی لاش فراہم کی جائے توکہ وہ اُس کی آخری رسومات ادا کر سکے ۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے ڈوڈہ میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ 5 اگست 2019 کو جموں وکشمیر کے لوگ نہیں بھول پائیں گے کہ جس دن ریاست کودو حصوں میں منقسم کیا گیا۔ عمر عبدا ﷲ نے بتایا کہ بھاجپا نے اُس وقت دعویٰ کیا تھا کہ اس قانون کو منسوخ کرنے کے بعد جموں وکشمیر میں سرمایہ کاری ہوگی، تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار ملے گااور عسکریت پسندی بھی ختم ہوگی لیکن سب کچھ اُلٹا ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے کہا تھا کہ 370 کی وجہ سے ہی علیحدگی پسند ی زندہ ہے ۔ اُن کے مطابق بھارتیہ جنتاپارٹی کے لیڈران نے یہاں تک کہا تھا کہ اس قانون کو منسوخ کرنے سے جموں وکشمیر میں آزادی کی بات کوئی نہیں کرئے گا اور نہ ہی بندوق والا رہے گا لیکن سب کچھ اس کے برعکس ہو رہا ہے ۔ این سی نائب صدر کے مطابق جب اس قانون کو منسوخ کیا گیا تو ہم نے بھی سوچا دیکھتے ہیں کہ اس کے کیا اثرات مرتب ہونگے لیکن ڈیڑھ سال کے بعد جو صورتحال ہمارے سامنے اُبھر کر آئی وہ بھاجپا کے دعووں کے قلعی کھول دیتا ہے ۔ عمر عبدا ﷲ نے سوالیہ انداز میں کہاکہ کیا یہاں پر کارخانے لگے ،سرمایہ کاری ہوئی؟ بلکہ ہماری حکومت نے جو پروجیکٹ ہاتھ میں لئے تھے آج اُن کا آج افتتاح ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حقیقت یہی ہے کہ کئی برس قبل ہم نے سری نگرضلع کو عسکریت پسندی سے پاک کیا تھا لیکن آج وہاں پر پھر اُس نے سر اُبھارا ہے ۔ موصوف نے کہا کہ بطور وزیرا علیٰ سری نگر سے سبھی بینکراُٹھائے ، کیمپ خالی کروائے گئے جبکہ افسپا کو ہٹانے پر بھی غو روغوض چل رہا تھا لیکن آج صورتحال اس کے برعکس ہے ، سری نگر میں لوگ اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں۔ عمر عبدا ﷲ نے بتایا کہ ‘یہ بھی سچائی ہے کہ مذکورہ عسکریت پسند باہر سے نہیں آئے بلکہ مقامی نوجوانوں نے ہی ناراضگی یا دوسری وجوہات کی بنا پر بندوق اُٹھائی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے دنوں سری نگر تصادم میں جو عسکریت پسند مارا گیا اُس کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ مہلوک نے 370 کی منسوخی کے بعدہی بندوق کو گلے لگایا تھا۔