دفنائی گئی بیٹی شیوانی زندہ نکلی

   

ہمیر پور۔ 17 جون (ایجنسیز) اتر پردیش کے ضلع ہمیر پور میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے۔ ایک باپ نے جس بیٹی کی نعش کی شناخت کر کے اس کی آخری رسومات ادا کی تھیں، وہ آٹھ دن بعد زندہ حالت میں برآمد ہو گئی۔یہ معاملہ مسکورا تھانہ علاقے کے ایک گاؤں کا ہے۔ لڑکی شیوانی کچھ عرصے سے جھانسی کے مورانی پور میں اپنی نانی کے یہاں رہ رہی تھی۔ 13 مئی کو وہ اچانک لاپتہ ہو گئی۔ اس کے والد ملکھان پرجاپتی نے تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی اور گاؤں کے دو افراد مہیش اور اس کے بیٹے منوج پر اغوا کا الزام لگایا۔اسی دوران 7 جون کو بندیل کھنڈ ایکسپریس وے کے پل کے نیچے سے ایک سڑی گلی نعش ملی۔ پولیس نے ملکھان پرجاپتی کو طلب کیا جس نے اسے اپنی بیٹی قرار دیا۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش اہل خانہ کے حوالے کر دی، جس کے بعد ملکھان نے 7 جون کو اپنی بیٹی کی آخری رسومات ادا کیں۔ اسی بنیاد پر انہوں نے مذکورہ دو نوجوانوں پر قتل کا مقدمہ بھی درج کرا دیا۔پیر کے دن اس واقعہ نے نیا موڑ اس وقت لیا، جب پولیس نے شام 4 بجے گوہند شہر کے قریب سے شیوانی کو زندہ برآمد کر لیا۔