دلالوںسے سیاحوں کو پریشان کرنے سے روکنے ریاستی اسمبلی میں بل منظور

   

حیدرآباد 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاستی اسمبلی میں جمعہ کو تلنگانہ اسٹیٹ پریونشن آف ایکٹس آف ٹاوٹنگ اینڈ مال پریکٹیس اگینسٹ ٹورسٹس اینڈ ٹراویلرس بل 2021 کو جسے وزیرداخلہ محمد محمود علی نے پیش کیا، تبدیلیوں کے بغیر منظور کیا گیا۔ اس بل کا مقصد تلنگانہ کو آنے والے کسی بھی شخض کو دھوکہ دہی، تلبیس شخصی کا شکار ہونے سے تحفظ فراہم کرنا ہے اس کے علاوہ یہ بل ریاست تلنگانہ کو آنے والے سیاحوں کو دلالوں سے بھی تحفظ فراہم کرے گا جو سیاحوں کو خریداری کرنے، قیام، ٹرانسپورٹیشن، خوبصورت مناظر کو دیکھنے کے معاملہ میں گمراہ کرتے ہیں یا انھیں تنگ کرتے ہیں، پریشان کرتے ہیں۔ اس بل میں کہا گیا کہ ’’جو کوئی ایرپورٹس، ریلوے اسٹیشنس، بس اسٹانڈس، مارکٹس یا کوئی دیگر مقامات پر سیاحوں کو گمراہ کرنے اور انھیں تنگ کرنے کی نیت سے بار بار پھریں گے تو یہ دلالی کا ارتکاب کرنا ہوگا‘‘۔ دلالی کے اس طرح کے کام کے مرتکب افراد کو ایک سال تک جیل کی سزا یا 10,000 روپئے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوں گی۔ محمود علی نے کہاکہ ایرپورٹس اور دیگر سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو ناخوشگوار تجربات ہونے کے کئی واقعات ریاستی حکومت کے علم میں لائے گئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ’’اس طرح کے واقعات کا تدارک کرنے اور ریاست کو سیاحوں اور مسافرین کے لئے ایک محفوظ مقام بتانے کے لئے حکومت نے یہ قانون بنانے کا فیصلہ کیا ہے‘‘۔