دلالوں نے دھوکہ دیا، ہمارے آشیانے زمین دوز

   

محبوب نگر میں انہدامی کارروائی کے متاثرین نے رکن اسمبلی کو درد بھری کہانی سنائی
محبوب نگر۔/31 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر کے کرستان پلی کے آدرش نگر میں غیر مجاز تعمیر شدہ 75 مکانات کو دو روز قبل عہدیداروں نے منہدم کردیا تھا وہاں کے متاثرین نے مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی سے ملاقات کرکے اپنی درد بھری کہانی سنائی۔ سروے نمبر 523 میں موجود آدرش نگر کے متاثرین نے ایم ایل اے کو بتایا کہ وہ کبھی سوچے بھی نہیں تھے کہ ہمارے سرچھپانے کی جگہ کو آناً فاناً زمین دوز کردیا جائے گا۔ ہم نے دلالوں پر بھروسہ کیا، بے بنیاد باتوں پر یقین کیا، سرکاری اراضی پر عارضی تعمیرات کیں۔ ہم سے بہت بڑی غلطی ہوئی۔ متاثرہ خواتین کی آنکھوں سے مسلسل آنسو رواں تھے۔ ایم ایل اے نے ان کی ہمت بندھائی اور کہا کہ دلالوں نے آپ کو دھوکہ دیا نقصان آپ کا ہوگیا۔ سرکاری اراضیات پر قبضہ کرکے آپ کو دھوکہ دے کر لاکھوں کی رقم بٹورلی لیکن میں ایسا نہیں کروں گا میں آپ کے ساتھ انصاف کروں گا۔ انہوں نے متاثرین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے آدھار کارڈز متعلقہ تحصیلدار کے دفتر میں جمع کروائیں۔ انہوں نے تسلی دی کہ حکومت کی جانب سے فراہم کئے جانے والے اندراماں انڈلو اسکیمات میں آپ کو ضرور ترجیح دیں گے اور مستقبل میں پھر آپ کو پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا۔ ایم ایل اے نے مزید کہا کہ متاثرین کیلئے الماس فنکشن ہیال رامیا باؤلی میں قیام و طعام اور موسم کی مناسبت سے بستر کا انتظام کیا گیا ہے۔ متاثرین کی رحت کاری کیلئے یہ اقدام کیا گیا ہے۔