دلتوں کی ترقی کیلئے گیتا ریڈی کی نمایاں خدمات

   

Ferty9 Clinic

رکن اسمبلی مانک راؤ کی تنقید مسترد ، ظہیرآباد میں کانگریس قائدین کی پریس کانفرنس

ظہپیرآباد : حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے سرکردہ کانگریس قائدین نے آج یہاں پارٹی آفس میں طلب کردہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی ظہیرآباد کے مانک راؤ کی جانب سے ڈاکٹر جے گیتا ریڈی پر کانگریس حکومت میں وزارت پر فائز ہونے کے باوجود دلتوں کی ترقی کے لئے کچھ نہ کرنے اور آنجہانی ایشوری بائی کی ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے سالگرہ تقاریب منائی جانے سے متعلق دعوؤں کو مسترد کردیا اور رکن اسمبلی ظہیرآباد سے سوال کیا کہ وہ ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کے بحیثیت وزیر خدمات انجام دیتے وقت کس مقام پر اپنی سیاسی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔ ان قائدین نے دو ٹوک کہاکہ ڈاکٹر جے گیتا ریڈی اپنے دور اقتدار میں بحیثیت وزیر ایس سی ؍ ایس ٹی سب پلان کی منظوری عمل میں لانے میں نمایاں رول انجام دیا اور یہ کہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں مہیندرا اینڈ مہیندرا ٹریکٹرس پلانٹ ، رنجہول میں ایس سی لڑکیوں کیلئے اقامتی اسکول ، الگول میں اقلیتی اقامتی اسکول ، بسنت پور میں این جی رنگا اگریکلچر کالج، کوہیر میں ہوٹل مینجمنٹ اسکول کا قیام اور نمز کے بشمول کئی ترقیاتی کام انجام دیئے اور یہ کہ موضع موضع میں اندرماں گھروں کی تعمیر عمل میں لائی گئی ۔ ان قائدین نے رکن اسمبلی ظہیرآباد سے ان کے ڈھائی سالہ دور اقتدار میں انجام دیئے گئے کارناموں سے متعلق وائٹ پیپر کی اجرائی کا مطالبہ کیا ۔ ان قائدین نے پرزور الفاظ میں کہاکہ رُکن اسمبلی ظہیرآباد کے ڈھائی سالہ دور میں مقامی شوگر فیکٹری بند پڑی ہے ۔ ورکرس اور کاشت کاروں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے دلتوں کو تین ایکڑ اراضی دینے کا وعدہ تاحال شرمندۂ تعبیر نہ ہوسکا ۔ ان قائدین نے واضح طورپر کہا کہ چیف منسٹر کی دلتوں سے حقیقی محبت اسی وقت ظاہر ہوگی جبکہ وہ مستعفی ہوکر کسی دلت کو چیف منسٹر بنائیں۔ اس موقع پر صدر کانگریس ظہیرآباد ٹاؤن کنڈیم نرسملو ، منڈل پارٹی صدور پی نرسمہا ریڈی ، محمد مقصود ، نائب صدر ریاستی ایس سی سیل بھیمیا ، اراکین ضلع پریشد ناگ شٹی راتھوڈ ، رام داس ونیلا نریش ، صدر جھرہ سنگم منڈل پریشد کے دیوی داس ، صدر کوہیر منڈل پریشد کماری مادھوی ، سوسائٹی چیرمین ملکارجن ، گوپال ریڈی ایڈوکیٹ ، یوتھ کانگریس لیڈر محمد جعفر ، صدر ظہیرآباد ایس سی سیل چنا ، سابق ایم پی ٹی سی شانت کمار اور دوسروں نے پریس کانفرنس میں اپنی شرکت درج کرائی ۔