حضور آباد سے 400 سے زائد دلت مرد و خواتین مدعو
حیدرآباد۔23 ۔جولائی (سیاست نیوز) حضور نگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں دلتوں کی تائید حاصل کرنے کی کوششوں کے حصہ کے طور پر حکومت نے نئی اعلان کردہ دلت بندھو اسکیم پر شعور بیداری اجلاس پرگتی بھون میں طلب کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 26 جولائی کو اجلاس کی صدارت کریں گے ۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی طبقہ کے لئے اسکیم کے اعلان کے بعد شعور بیداری کے نام پر پرگتی بھون میں اجلاس منعقد کیا گیا ہو۔ اجلاس میں اسکیم پر عمل آوری کے ایکشن پلان کو قطعیت دی جائے گی ۔ حکومت حضور آباد سے اسکیم کے آغاز کا منصوبہ رکھتی ہے۔ شعور بیداری اجلاس میں ہر گاؤں سے چار افراد ، ہر وارڈ سے چار افراد ، کو مدعو کیا جائے گا اور جملہ 412 دلت مرد و خواتین پرگتی بھون کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ 15 ریسورس پرسن بھی اجلاس میں موجود رہیں گے تاکہ دلتوں کو اسکیم کے فوائد سے واقف کرایا جائے ۔ تمام مدعوئین 26 جولائی کی صبح 7 بجے اپنے متعلقہ منڈل ہیڈکوارٹرس پہنچ جائیں جہاں ناشتے کے بعد انہیں بسوں کے ذریعہ حیدرآباد منتقل کیا جائے گا اور 11 بجے دن پرگتی بھون میں اجلاس کا آغاز ہوگا۔ چیف منسٹر اسکیم کی تفصیلات سے شرکاء کو واقف کرائیں گے جس کے بعد انہیں عہدیداروں سے استفسارات کی اجازت رہے گی۔