حیدرآباد۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ میں دلت امپاورمنٹ سے متعلق اسکیمات پر شفافیت سے عمل آوری کیلئے مساعی کریں۔ دلت امپاورمنٹ پر چیف منسٹر نے آج کُل جماعتی اجلاس طلب کیا تھا جو شام تک جاری رہا۔ چیف منسٹر نے دلتوں کی بہبود اور ترقی کیلئے اضافی فنڈز مختص کرنے سے اتفاق کیا اور کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ہر پارٹی کو اپنا رول ادا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں کو زندگی کے ہر شعبہ میں یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے حکومت سنجیدہ ہے۔ چیف منسٹر نے 14 صفحات پر مشتمل اسکیمات اور جاری کردہ فنڈز کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر سے کنیا کماری تک سماجی اور معاشی طور پر پسماندہ اس طبقہ کو دلت کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے تجاویز حاصل کیں اور عمل آوری کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سماجی اور معاشی ترقی کیلئے مرحلہ وار ایکشن پلان پر عمل کرے گی۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے دلتوں کی مخلوعہ سرکاری جائیدادوں پر فوری تقررات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ دلتوں پر مظالم کے واقعات کو روکنے سنجیدہ اقدامات ضروری ہیں ۔ انہوں نے دلتوں سے حکومت کے وعدوں کو یاد دلایا۔ اجلاس میں وزیر بہبود ایس سی طبقات کے ایشور، سابق وزیر ایم نرسملو، سی پی ایم کے سکریٹری ٹی ویرا بھدرم، سی پی آئی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی، رکن اسمبلی مجلس احمد پاشاہ قادری، ارکان پارلیمنٹ وینکٹیش، پی راملو، پی دیاکر ، ارکان مقننہ پربھاکر راؤ، بی راجیشورراؤ، جی وینکنا ، بی سمن، ہنمنت شنڈے، ایس روی شنکر، ایس بالکشن، کرانتی کرن، مانک راؤ، سابق وزیر کڈیم سری ہری، چیف سکریٹری سومیش کمار کے علاوہ کئی ارکان مقننہ اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔