دلتوں کے گھروں کو جلانے کی مذمت ، کانگریس کا ردعمل

   

نئی دہلی : کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بہار میں دلتوں کے گھروں کو جلائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ کھرگے نے کہاکہ بہار کے نوادہ میں مہادلت ٹولہ پر غنڈوں کی دہشت این ڈی اے کی ڈبل انجن والی حکومت کے جنگل راج کا ایک اور ثبوت ہے ۔ یہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ تقریباً 100 دلتوں کے گھروں کو آگ لگا دی گئی، فائرنگ کی گئی اور رات کے اندھیرے میں غریب خاندانوں کا سب کچھ چھین لیا گیا۔ دلتوں اور پسماندہ لوگوں کے تئیں بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کی سماج دشمن عناصر کی انتہائی بے حسی، مجرمانہ غفلت اور حوصلہ افزائی اب اپنے عروج پر ہے ۔انہوں نے اس معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی ہمیشہ کی طرح خاموش ہیں، نتیش کمار اقتدار کے لالچ میں لاپرواہ ہیں اور این ڈی اے کی اتحادی پارٹیاں بھی لب کشائی کو تیار نہیں ہیں۔