بھوپال: دلتوں کے گھروں کو مسمارکرنے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعہ کو بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کے خلاف مظالم اپنے عروج پر پہنچ گئے ہیں۔ جو خاندان مزدورکے طور پرکام کرنے گئے تھے، ان کے گھروں کو بغیر کسی اطلاع کے گرا دیا گیا۔ پی ایم آواس یوجنا کے تحت بنائے گئے مکانات کو بھی گرا دیاگیا۔ مدھیہ پردیش کے دلتوں ، قبائلی اور غریب عوام پر مظالم کرنے والی بی جے پی حکومت کو سبق سکھائیں گے۔ پرینکا گاندھی نے ٹویٹ کیا۔ جمعرات کو مدھیہ پردیش انتظامیہ نے ساگر ضلع میں 10 مکانات کو منہدم کر دیا۔ ان گھروں میں سے سات پردھان منتری آواس یوجنا اسکیم کے تحت بنائے گئے تھے۔ ریاستی انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ یہ گھر جنگل کی زمین پر بنائے گئے تھے۔ راجیہ سبھا کے رکن دگ وجے سنگھ جمعہ کو حکومت کی کارروائی کے خلاف احتجاج پر بیٹھ گئے۔ اس کے احتجاج نے ساگرکے ضلع کلکٹر دیپک آریہ اور ایس پی ابھیشیک تیواری کے ساتھ دیگر عہدیداروں کو احتجاج میں شامل ہونے اور معافی مانگنے کی ترغیب دی ہے ۔ راجیہ سبھا کے رکن نے نامہ نگاروں کو بتایا مجھے معلوم ہوا کہ راپورہ گاؤں میں چہارشنبہ کی رات تقریباً 10.30 بجے پولیس کی حفاظت میں قبائلیوں اور دیگر لوگوں کے مکانات کو بلڈوزرکی مدد سے مسمار کر دیا گیا۔ انہوں نے پوچھا کہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت بنائے گئے یہ مکانات کس قانون کے تحت گرائے گئے؟ اس دوران بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے بھی دلتوں کے خلاف کارروائی کی مذمت کی۔ مدھیہ پردیش کی بلڈوزر سیاست نے اب گھروں اور اسکولوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔ اب انہوں نے پی ایم آواس یوجنا کے تحت بنائے گئے غریبوں کے مکانات کو گرانا شروع کردیا ہے، جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے۔