ممبئی ۔14 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک خصوصی عدالت نے آج دلت اسکالر اور جہد کار آنند تل تمبڈے کو ایلگار پریشد ۔ ماؤسٹ رابطہ کیس میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) کو 18 اپریل تک تحویل حاصل کرنے کی اجازت دیدی ہے ۔ آنند کو آج ہی صبح این آئی اے نے گرفتار کیا تھا جبکہ اُنھوں نے سپریم کورٹ کی ہدایات کی تعمیل کرتے ہوئے ایجنسی کے روبرو خودسپردگی اختیار کی ۔ آنند دلت برادری کے ہیرو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے رشتے کے داماد ہوتے ہیں ۔ امبیڈکر کا آج 129 واں یوم پیدائش منایا جارہا ہے ۔ اس دوران سیول رائیٹس کے جہدکار گوتم نولکھا نے بھی دہلی میں این آئی اے کے روبرو خودسپردگی اختیار کرلی ۔ وہ آنند سے متعلق کیس کے ہی شریک ملزم ہیں۔ اُن کی پیشگی ضمانت کی عرضی فاضل عدالت نے مسترد کردی تھی ۔ نولکھا کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ممبئی کی عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا ۔