دلت اور گریجن طبقات کے پروگراموں کیلئے 119 اسمبلی حلقوں کے کانگریس کوآرڈینیٹرس

   

حیدرآباد۔11 ۔اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ریاست بھر میں دلت اور گریجن طبقات کے پروگرام کے سلسلہ میں 119 اسمبلی حلقہ جات کے لئے کوآرڈینیٹرس کا تقرر کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں آج احکامات جاری کئے گئے۔ پارٹی کی جانب سے 17 ستمبر تک ریاست بھرمیں دلتوں اور گریجن طبقات کے حق میں جلسے منعقد کرنے کی تجویز ہے اور ستمبر کے پہلے ہفتہ میں راہول گاندھی تلنگانہ کا دورہ کریں گے اور کسی ایک ضلع میں پروگرام میں حصہ لیں گے۔ عادل آباد کے اندراولی سے اس مہم کا آغاز ہوا ہے اور دوسرا جلسہ 18 اگست کو ابراہیم پٹنم ضلع رنگا ریڈی میں ہوگا۔ سابق رکن اسمبلی مال ریڈی رنگا ریڈی کو جلسہ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اندراولی جلسہ عام کی کامیابی سے کانگریس قائدین اور کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آئندہ کے پروگراموں کے سلسلہ میں پارٹی کے سینئر قائدین سے مشاورت کی۔ انہوں نے کہا کہ دلت اور گریجن طبقات کے علاوہ پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کے مسائل کے سلسلہ میں احتجاجی لائحہ عمل طئے کیا جائے۔ ریونت ریڈی کو صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بنائے جانے کے بعد پارٹی کے سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور وہ اپنے کارکنوں کے ساتھ کافی متحرک ہوگئے ہیں۔