الیکشن کمیشن کو فیصلہ کا اختیار، ہائی کورٹ کا مداخلت سے انکار
حیدرآباد۔28 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے دلت بندھو اسکیم سے متعلق دائر کردہ چار علحدہ درخواستوں کو خارج کردیا ہے ۔ ہائی کورٹ نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کے معاملات میں وہ مداخلت نہیں کریں گے ۔ حضور آباد ضمنی چناؤ کی رائے دہی کی تکمیل تک حلقہ میں دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری روکنے سے متعلق الیکشن کمیشن کے احکامات کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ۔ درخواست گزاروں نے الیکشن کمیشن کے احکامات کو کالعدم قرار دینے کی اپیل کی۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس اے راج شیکھر ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے واضح کردیا کہ وہ الیکشن کمیشن کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے ۔ سماجی کارکن ایم لکشمیا اور کانگریس قائد جڈسن نے الیکشن کمیشن کے احکامات کو چیلنج کرتے ہوئے درخواست دائر کی تھی جبکہ واچ وائیس آف پیوپلز نامی ادارہ نے اپنی درخواست میں حضور آباد ضمنی چناؤ کی تکمیل تک تمام فلاحی اسکیمات پر عمل آوری روکنے کی درخواست کی۔ ڈیویژن بنچ نے تمام درخواستوں کی مشترکہ طور پر سماعت کی ۔ عدالت نے آج چاروں درخواستوںکو خارج کرنے کا فیصلہ کیا ۔ عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات سے متعلق امور پر فیصلہ کرنے کا اختیار ہے۔ واضح رہے کہ اس معاملہ میں ہائی کورٹ میں اپنا فیصلہ محفوظ کردیا تھا ۔ 18 اکتوبر کو الیکشن کمیشن نے حضور آباد میں دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری روکنے کے احکامات جاری کئے گئے ۔ 4 نومبر کو انتخابی ضابطہ اخلاق کے اختتام کے بعد حکومت اسکیم پر عمل کرسکتی ہے۔ ر
