دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری کیلئے عہدیداروں کو ٹریننگ : ہریش راؤ

   

استفادہ کنندگان کا انتخاب شفافیت کے ساتھ کرنے ریاستی وزراء کملاکر اور ایشور کی ہدایت
حیدرآباد۔26 ۔اگست (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے اعلان کردہ دلت بندھو اسکیم پر مؤثر عمل آوری کیلئے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے لئے ٹریننگ کلاسس کا اہتمام کیا گیا۔ ریاستی وزراء ہریش راؤ ، کے ایشور اور جی کملاکر نے اس پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ دلت بندھو اسکیم ریاست میں معاشی طور پر پسماندہ دلت خاندانوں کی زندگیوں میں خوشحالی بحال کرے گی۔ اسپیشل آفیسرس ، بینک آفیسرس اور دلت بندھو سروے سے وابستہ عہدیداروں کو ٹریننگ میں شامل کیا گیا ہے تاکہ اسکیم کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچ سکے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اسکیم کے آغاز کا مقصد طویل عرصہ سے مسائل کا شکار دلتوں کی معاشی ترقی ہے۔ حضور آباد میں چیف منسٹر نے پائلٹ پراجکٹ کے طور پر آغاز کیا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ دلت بندھو سروے کا 27 اگست سے آغاز ہوگا اور ایک ہفتہ میں مکمل کرلیا جائے گا ۔ گھر گھر سروے کے ذریعہ دلت خاندانوں کی نشاندہی کی جائے گی اور بینکوں میں دلت بندھو اکاؤنٹس کی کشادگی عمل میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی امتیاز یا پھر سیاست سے بالاتر ہوکر یہ سروے کیا جائے گا اور کسی بھی گوشہ سے اعتراض کی گنجائش نہیں ہوگی۔ ہریش راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سروے کے ذریعہ حقیقی مستحقین کا پتہ چلائیں اور یہ تصور کریں کہ وہ خود غریب اور مستحق خاندانوں کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سروے کے انعقاد میں عہدیداروں کو تحمل کی ضرورت ہوگی۔ اسکیم کے ذریعہ دلتوں کو مختلف چھوٹے کاروبار کا مالک بنایا جائے گا اور اس سلسلہ میں عہدیدار رہنمائی کریں گے۔ پائلٹ پراجکٹ کے تحت حضور آباد میں اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی اور اسی سلسلہ میں سروے منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر آفس کے سکریٹری راہول بوجا ، ایس سی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین بی سرینواس اور عوامی نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔ R