ریونت ریڈی کا مطالبہ، کالیشورم اور دیگر پراجکٹس میں دھاندلیوں کا الزام
حیدرآباد۔16 ۔اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے دلت بندھو اسکیم پر مباحث کے لئے اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو اسمبلی میں اعلان کرنا چاہئے کہ 30 لاکھ دلت خاندانوں کو فی کس 10 لاکھ روپئے کی امداد دی جائے گی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے چیف منسٹر پر دلت بندھو اسکیم کے ذریعہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو صرف حضور آباد میں کامیابی کی فکر ہے، وہ الیکشن کے نتیجہ کے بعد دلت بندھو اسکیم کو فراموش کردیں گے ۔ چیف منسٹر اگر اسکیم کے بارے میں سنجیدہ ہیں تو اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے قرارداد منظور کی جائے۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر 6 ماہ میں ہر دلت خاندان کو 10 لاکھ روپئے کی امداد دی گئی تو کانگریس پارٹی حکومت کی تائید کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ حضور آباد میں ٹی آر ایس کے خلاف طوفان کے سی آر کو لے ڈوبے گا ۔ دلت بندھو اسکیم سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ابراہیم پٹنم میں جلسہ عام کے بعد کانگریس پارٹی حضور آباد پر توجہ مرکوز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حضور آباد کے جلسہ میں کے سی آر نے دلتوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ چیف منسٹر نے جو بھی اعلانات کئے وہ صرف الیکشن تک محدود ہیں۔ ایک طرف دلتوں سے ہمدردی کا دعویٰ ہے تو دوسری طرف ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ ابھی تک نکلس روڈ پر نصب نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مشن کاکتیہ ، مشن بھگیرتا اور کالیشورم پراجکٹ پر تفصیلی تحقیقات کی ضرورت ہے کیونکہ تینوں پراجکٹس میں بڑے پیمانہ پر بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔ یہ پراجکٹس عوام کیلئے نہیں بلکہ عوامی خزانہ کو لوٹنے کے لیے تھے۔
