دلت بندھو اسکیم پر پوری ریاست میں عمل آوری کا وعدہ

   

دوباک میں جلسہ ، ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کا خطاب ، ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان کشمکش کے ماحول میں ترقیاتی پروگرام کا انعقاد

دوباک :۔تلنگانہ کے ہر غریب و مستحق خاندان کو بھوک سے محفوظ رکھنے کیلئے راشن کارڈس منظور کئے گئے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کیا ۔ انہوں نے کل دوباک کا دورہ کیا ۔ ریاستی وزیر ہریش راؤ کا بڑے شاندار طریقے سے استقبال کیا گیا ۔ وزیر ہریش راؤ نے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا ۔ دوباک میں تعمیر شدہ 100 بستر والے ہاسپٹل کو جانے کیلئے روڈ کا سنگ بنیاد رکھا بعدازاں دوباک میں تعمیر نو کئے جانے والے 5 کروڑ روپئے کا بس اسٹانڈ کا سنگ بنیاد رکھا جس کے دوران ٹی آر ایس قائدین نے جئے تلنگانہ کے نعرے لگائے جس پر بی جے پی قائدین نے جئے بی جے پی کے نعرے لگائے انہی نعرہ بازیوں کے درمیان وزیر ہریش راو نے سنگ بنیاد رکھا ۔ وزیر ہریش راؤ کے دورہ کے مکمل ہونے تک دونوں جانب نعرہ بازیاں ہوتی رہی پولیس نے سخت سیکوریٹی انتظامات کئے ۔ کشمکش کا ماحول دکھائی دیا ۔ ریاستی وزیر نے امبیڈکر بھون اور بابو جگجیون راؤ بھون کا سنگ بنیاد رکھا گیا ۔ اقلیتی اقامتی اسکول میں تعمیر شدہ مزید کمروں کا افتتاح کیا ۔ دوباک میں تعمیر شدہ ڈبل بیڈروم مکانات کے پاس مارکیٹ یارڈ و شاپنگ کامپلکس کا سنگ بنیاد رکھا ۔ آخر میں بالاجی فنکشن ہال میں عوامی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں غریب عوام کو راشن کارڈس تقسیم کئے گئے ۔ بالاجی فنکشن ہال میں منعقدہ اجلاس سے وزیر فینانس ہریش راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میدک ایم پی کوتا پربھاکر ریڈی کے گزارشات پر امبیڈکر بھون اور بابو جگجیون راؤ بھون کیلئے ایک کروڑ روپئے منظور کئے ۔ وزیراعلی کے سی آر نے جس اسکول میں بچپن میں تعلیم حاصل کی تھی جسے 10 کروڑ روپیوں سے تعمیر کیا گیا اس اسکول کے اطراف دیوار کیلئے بھی رقم منظور کرنے کا وعدہ کیا ۔ ڈبل بیڈروم مکانات اور 100 پلنگ ہاسپٹل و کے سی آر اسکول کو عنقریب وزیراعلی کے سی آر کے ہاتھوں افتتاح کرانے کا وعدہ کیا ۔ نامکمل کاموں کو جلد سے جلد مکمل کرنے عہدیداروں کو ہدایات دیئے ۔ ریاستی وزیر فینانس ہریش راؤ نے حضورآباد میں شروع کردہ دلت بندھو اسکیم کو پورے ریاست تلنگانہ میں عمل کرنے کا وعدہ کیا ۔ عنقریب دوباک میں بھی 100 دلت مکانات کی نشاندہی کر کے اس اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپئے دینے کا وعدہ کیا ۔ اقلیتی اقامتی اسکول کے پرنسپل کی درخواست پر اقلیتی اقامتی اسکول میں مزید کلاس رومس کی تعمیر کیلئے رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین کے فنڈ سے 50 لاکھ یا ایک کروڑ روپئے منظور کرنے کی اپیل کی جس پر فاروق حسین نے منظور کرلی ۔ وزیر اعلی کے سی آر سدی پیٹ کے طرز عمل میں دوباک کو بھی ترقی کی جانب بڑی تیزی کے ساتھ لیکر جانے کا وعدہ کیا ، وزیر ہریش راؤ کے پروگرام کے اختتام پر پولیس والوں نے ٹھنڈی سانس لی ۔ اس پروگرام میں رکن پارلیمنٹ میدک کوتا پربھاکر ، ایم ایل سی محمد فاروق حسین نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر ایم آر او ، ایم پی ڈی اور میونسپل کمشنر گنیش ، میونسپل چیرپرسن گنے ونیتا بھوم ریڈی ، دوباک میونسپالٹی کے 20 کونسلرس و ٹی آر ایس اور بی جے پی قائدین کی بڑی تعداد میں حاضر ہوئے ۔