طریقہ کار کے مطابق سماعت ہوگی، چیف جسٹس ہیما کوہلی کی وضاحت
حیدرآباد۔2 ۔اگست (سیاست نیوز) چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس ہیما کوہلی نے دلت بندھو اسکیم پر داخل کردہ مفاد عامہ کی درخواست کی فی الفور سماعت سے انکار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس مسئلہ پر ہنگامی سماعت کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے درخواست گزار سے کہا کہ ہائی کورٹ کے طریقہ کار کے مطابق فہرست میں شامل کیا جائے گا ۔ اس وقت تک انتظار کیا جائے۔ تلنگانہ ریپبلک پارٹی اور دیگر دو پارٹیوں کی جانب سے مفاد عامہ کی درخواست دائر کرتے ہوئے حضور آباد اسمبلی حلقہ سے دلت بندھو اسکیم کے آغاز پر روک لگانے کی اپیل کی گئی ۔ درخواست گزاروں کا استدلال ہے کہ ضمنی انتخابات کے پیش نظر پائلٹ پراجکٹ کے طور پر حضورآبادسے اسکیم کا آغاز دستور کے خلاف ہے۔ درخواست گزار نے مدعی علیہان کے طور پر الیکشن کمیشن ، ٹی آر ایس ، کانگریس ، بی جے پی ، چیف منسٹر کے سی آر اوردوسروں کو فریق بنایا ہے ۔ درخواست گزار نے مسئلہ کی اہمیت کے پیش نظر فوری سماعت کی اپیل کی۔ چیف جسٹس کے اجلاس پر آج جب یہ درخواست پیش ہوئی تو انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر فوری سماعت نہیں کی جاسکتی۔ واضح رہے کہ ایٹالہ راجندر کی بی جے پی میں شمولیت اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ کے بعد حلقہ میں ضمنی چناؤ یقینی ہوچکا ہے ۔ حکومت نے ریاست بھر میں دلتوں کی بھلائی کیلئے دلت بندھو اسکیم کا اعلان کیا۔ تاہم اسکیم پر حضور آباد سے عمل آوری کا آغاز ہوگا۔