دلت بندھو اسکیم کیلئے مزید 200 کروڑ روپئے کی اجرائی

   

ابھی تک 1200 کروڑ روپئے کی اجرائی ، آئندہ چار پانچ دن میں ماباقی 800 کروڑ روپئے جاری کئے جائیں گے
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : دلت بندھو اسکیم کے لیے حکومت نے آج مزید 200 کروڑ روپئے جاری کئے ۔ دلت طبقات کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لیے تلنگانہ حکومت نے اس باوقار اسکیم کو روشناس کرایا ہے اور اس اسکیم کے لیے اسمبلی حلقہ حضور آباد کا پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر انتخاب کیا گیا ہے اور 16 اگست سے اس اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوگیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی حلقہ حضور آباد کے ہر دلت خاندان کو فی کس 10 لاکھ روپئے دینے کا اعلان کیا ہے ۔ ابھی تک دلت بندھو اسکیم کے لیے حکومت نے پہلے ہی 500 کروڑ روپئے جاری کیا تھا ۔ کل 23 اگست کو مزید 500 کروڑ روپئے جاری کئے گئے تھے اور آج مزید 200 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں ۔ اس طرح اس اسکیم کے لیے ابھی تک حکومت کی جانب سے 1200 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی حلقہ حضور آباد کے شالہ پلی میں منعقدہ جلسہ عام میں اعلان کیا تھا کہ اس اسکیم کے لیے وہ 2 ہزار کروڑ روپئے مختص کررہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ حکومت آئندہ چار پانچ دن میں ماباقی 800 کروڑ روپئے جاری کرنے کی تیاریاں کرلی ہے ۔ ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں میں اس اسکیم پر عمل آوری کے لیے حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ چیف منسٹر نے سرکاری ملازمین دلت خاندان کو بھی اس اسکیم سے فائدہ پہونچانے کا اعلان کیا ہے ۔۔N