دلت بندھو اسکیم کی چار منڈلوں میں توسیع پر چیف منسٹر کا اجلاس

   

سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کی شرکت، عمل آوری میں شفافیت کی ہدایت
حیدرآباد۔13 ۔ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دلت بندھو اسکیم کو مزید چار منڈلوں میں توسیع دینے کیلئے پرگتی بھون میں آج اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا ۔ چیف منسٹر نے متعلقہ ارکان اسمبلی کو اجلاس میں بطور خاص مدعو کیا۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے اجلاس میں شرکت کی کیونکہ حکومت نے ان کے اسمبلی حلقہ کے ایک منڈل میں دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے ۔ مدھیرا اسمبلی حلقہ میں چنتاکانی منڈل جبکہ تنگا تورتی اسمبلی حلقہ میں ترملگیری ، اچم پیٹ اسمبلی حلقہ میں چار کنڈا اور جوکل اسمبلی حلقہ میں نظام ساگر منڈل میں اسکیم کو توسیع دی جارہی ہے ۔ دلت بندھو اسکیم پر حضور آباد اسمبلی حلقہ کے علاوہ چیف منسٹر کے اڈاپٹ کردہ گاؤں واسالامری میں عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے ۔ پرگتی بھون میں منعقدہ اجلاس کا مقصد چار نئے اضلاع کے لئے منصوبہ بندی کرنا ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مستحق دلت خاندانوں کی نشاندہی کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ دلتوںکی معاشی ترقی میں یہ اسکیم مددگار ثابت ہوگی۔ اسکیم پر عمل آوری کے لئے فنڈس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اجلاس میں ریاستی وزراء کے ایشور ، پی اجئے کمار ، جگدیش ریڈی ، نرنجن ریڈی ، پرشانت ریڈی ، سرینواس گوڑ ، رکن پارلیمنٹ لنگیا یادو ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، چیف سکریٹری سومیش کمار کے علاوہ مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں اور ارکان مقننہ کی کثیر تعداد کی شرکت کی ۔ چار اضلاع کے ضلع کلکٹرس کو اجلاس میں بطور خاں مدعو کرتے ہوئے چیف منسٹر نے اسکیم پر شفافیت کے ساتھ عمل آوری کی ہدایت دی ۔ R