جیون ریڈی کا الزام، ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
حیدرآباد۔28۔اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن کونسل جیون ریڈی نے دلت بندھو اسکیم میں بڑے پیمانہ پر کرپشن کا الزام عائد کیا ہے ۔ میڈیا کے نمائندوںسے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس ارکان اسمبلی دلت بندھو کے استفادہ کنندگان سے رقومات حاصل کر رہے ہیں۔ اس بارے میں اخبارات میں رپورٹ کی اشاعت کے باوجود چیف منسٹر کے سی آر نے ارکان اسمبلی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ جیون ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس کے پلینری سیشن میں کے سی آر نے دلت بندھو اسکیم کے لئے رقومات حاصل کرنے والے ارکان اسمبلی کو وارننگ دی ہے ۔ چیف منسٹر نے خود اعتراف کیا ہے کہ ارکان اسمبلی رقومات حاصل کرتے ہوئے استفادہ کنندگان کی فہرست میں ناموں کو شامل کر رہے ہیں۔ جیون ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کو چاہئے کہ وہ وارننگ دینے کے بجائے رقومات حاصل کرنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم کرپشن سے بری طرح متاثر ہوچکی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر خاطی ارکان اسمبلی کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جیون ریڈی نے کہا کہ ڈاکٹر راجیا کو کرپشن کے الزامات کے تحت ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ سے برطرف کردیا گیا تھا لیکن دلتوں سے رقومات حاصل کرنے والے ارکان اسمبلی کو بچایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر دلت طبقہ کے ساتھ ناانصافی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی میں چیف منسٹر کا کوئی خوف نہیں ہے ۔ جیون ریڈی نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم میں بے قاعدگیوں کیلئے چیف منسٹر راست طور پر ذمہ دار قرار پائیں گے ۔ر