دلت بندھو سرکاری اسکیم سے زیادہ معاشی ترقی کی مہم

   

Ferty9 Clinic

پرگتی بھون میں دلت نمائندوں کا اجلاس ، کے سی آر نے مدعوئین کے ساتھ لنچ کیا
حیدرآباد۔26 ۔جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ دلت بندھو صرف ایک سرکاری پروگرام نہیں بلکہ ریاست میں دلتوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کی ایک مہم ہے۔ چیف منسٹر نے آج حضور آباد اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے دلت طبقہ کے 427 نمائندوں کو پرگتی بھون مدعو کیا جہاں دن بھر ورکشاپ منعقدکیا گیا جس میں دلت بندھو اسکیم کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ مختلف دلت تنظیموں کے علاوہ دانشوروں ، جہد کاروں اور بائیں بازو جماعتوں کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ ورکشاپ کا صبح میں چیف منسٹر کے خطاب سے آغاز ہوا اور دوپہر میں لنچ کا وقفہ دیا گیا ۔ چیف منسٹر نے مدعوئین کے ساتھ بیٹھ کر لنچ کیا جس کے بعد باہم مشاورت کا سیشن تھا جس میں شرکاء کو عہدیداروں سے سوالات کی اجازت دی گئی۔ ریاستی وزراء ہریش راؤ ، کے ایشور کے علاوہ ارکان مقننہ ، مختلف کارپوریشنوں کے صدور نشین نے اجلاس میں شرکت کی۔ چیف منسٹر دلت بندھو اسکیم کا حضور آباد اسمبلی حلقہ سے آغاز کرنے والے ہیں جو پائلٹ پراجکٹ کے طور پر رہے گا۔ بعد میں ریاست کے دیگر اضلاع میں اسکیم کو توسیع دی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دلتوں کو سماجی اور معاشی طور پر مستحکم کرنے کے مقصد سے دلت امپاورمنٹ اسکیم تیار کی گئی ہے۔ ہر وہ دلت خاندان جو گھر اور روزگار سے محروم ہیں، وہ ترجیحی بنیادوں پر اسکیم سے استفادہ کرپائیں گے۔ انہوں نے دلت تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ باہمی اختلافات ختم کرتے ہوئے پولیس اسٹیشنوں میں ایک دوسرے کے خلاف دائر کردہ مقدمات سے دستبرداری اختیار کریں۔ انہوں نے بھونگیر میں دلت خاتون مریماں کی لاک اپ ڈیتھ کا حوالہ دیا اور کہا کہ حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاطی پولیس عہدیداروں اور ملازمین کو برطرف کردیا ہے۔ چیف منسٹر نے تیقن دیا کہ دلتوں کو شراب کی دکانات ، رائس ملز ، میڈیکل شاپس ، فرٹیلائیزر شاپس اور دیگر کاروبار کے سلسلہ میں تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے سمنٹ اینڈ برک انڈسٹری ، بلڈنگ مٹیریل ، فوٹو گرافی ، ویڈیو گرافی ، سیل فون شاپس، ہوٹلس ، ٹفن سنٹرس ، کلاتھ شورومس اور فرنیچر شاپس کے قیام کیلئے خود روزگار اسکیم کے تحت مدد دی جائے گی ۔