دلت بندھو پر عمل آوری نہ ہونے پر خودکشی کرلوں گا: ایم نرسمہلو

   

حیدرآباد۔ /29 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سابق وزیر ایم نرسمہلو نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دلت بندھو اسکیم کو ریاست بھر میں عمل کرنے کا تیقن دیا ہے اور انہیں چیف منسٹر پر بھروسہ ہے۔ اگر دلت بندھو اسکیم صد فیصد عمل نہیں کیا گیا تو وہ یادگیر گٹہ میں خودکشی کرلیں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نرسمہلو نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم تلنگانہ کے دلتوں کی معاشی ترقی میں ایک انقلابی قدم ہے۔ مجھے چیف منسٹر کے وعدہ پر بھروسہ ہے کیونکہ وہ اسکیم پر عمل آوری میں سنجیدہ ہیں۔ چیف منسٹر نے جو اعلان کیا ہے وہ پورا کرتے ہیں اور اگر اعلان پر عمل نہیں ہوا تو وہ خودکشی کرلیں گے۔ نرسمہلو نے بی جے پی اور کانگریس پر دلت بندھو اسکیم کے خلاف غیر ضروری مہم چلانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ریونت ریڈی تلگودیشم کیلئے شنی ثابت ہوئے اور چندرا بابو نائیڈو کے زوال میں ریونت ریڈی کا اہم رول ہے آج وہ کانگریس کو زوال سے دوچار کرنے پردیش کانگریس کی صدارت پر فائز ہیں۔ ریونت ریڈی کی زندگی دھوکہ اور بلیک میل کی سیاست سے پُر ہے۔ آر ٹی آئی کے تحت اطلاعات حاصل کرتے ہوئے بلیک میل کرنا ان کی عادت ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بی جے پی اور کانگریس دلتوں کے حق میں شروع کردہ منفرد اسکیم کی راہ میں رکاوٹ کیوں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ دلتوں کے ساتھ گزشتہ کئی دہوں سے امتیازی سلوک کیا گیا اور ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کے سی آر نے ایک منفرد اسکیم شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مستحق دلت خاندان کا اسکیم کے تحت احاطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں کے حق میں کے سی آر کے اقدامات کو دیکھتے ہوئے انہوں نے بی جے پی سے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ کانگریس دور حکومت میں دلتوں کے حق میں کسی نے غور و فکر نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی موافق عوام پالیسیوں کی وہ تائید کرتے ہیں۔R