دلت بندھو کے نام پر حضورآباد کی انتخابی مہم : جیون ریڈی

   

Ferty9 Clinic

الیکشن کے وقت چیف منسٹر کو دلتوں کی بھلائی کا خیال آیا
حیدرآباد: 5 اگست (سیاست نیوز) کانگریس رکن کونسل جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ انتخابی فائدے کے لیے چیف منسٹر کے سی آر دلتوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر دلتوں کے جذبات کا استحصال کررہے ہیں اور انہوں نے واسالہ مری سے دلت بندھو اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے دراصل حضورآباد کی انتخابی مہم چلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر چیف منسٹر کو اچانک دلتوں کی بھلائی کا خیال آیا ہے۔ گزشتہ 7 برسوں میں دلتوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا حکومت کو خیال نہیں آیا۔ جیون ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر نے دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ دلت کو ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدے پر فائز کیا گیا لیکن الزامات کے نام پر برطرف کردیا گیا۔ دوسری مرتبہ حکومت کی تشکیل کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدے پر کسی کو فائز نہیں کیا گیا۔ ایس سی طبقات کو 3 ایکڑ زمین الاٹ کرنے کا وعدہ آج تک پورا نہیں ہوا۔ جیون ریڈی نے کہا کہ ایس سی طبقات کی بھلائی کے لیے بجٹ میں جو فنڈس مختص کئے گئے تھے، انہیں مکمل طورپر خرچ نہیں کیا گیا ہے۔ کے سی آر کی حکومت نے دلتوں پر مظالم کے واقعات کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ مخلوعہ سرکاری جائیدادوں پر تقررات میں دلتوں سے ناانصافی کرنے والے کے سی آر حضورآباد میں کامیابی کے لیے دلت بندھو اسکیم کا پرچار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس بسوال کی زیر قیادت کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق دلت طبقے کے 35 ہزار مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات نہیں کئے گئے۔ جیون ریڈی نے سوال کیا کہ دلت طبقے کے وزیر کے ایشور کو ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدے پر فائز کیوں نہیں کیا گیا۔ کیا وہ اس عہدے کے اہل نہیں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ہر دلت خاندان کو 10 لاکھ روپئے چیف منسٹر اپنی جیب سے نہیں دے رہے ہیں۔ 7 برسوں میں جس طبقے کو نظرانداز کیا گیا اس پر اچانک مہربانی حیرت کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلت طبقات چیف منسٹر کے اعلانات کی حقیقت کو محسوس کررہے ہیں اور وہ ٹی آر ایس کے جھانسے میں آنے والے نہیں۔