دلت رکن اسمبلی کو گنیش پنڈال میں داخلہ سے روک دیا گیا

   

Ferty9 Clinic

آندھراپردیش میں وائی ایس آر کانگریس کی خاتون رکن کو تلخ تجربہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) ملک میں دلتوں کے خلاف مظالم اور ان کے ساتھ چھوت چھات کا رویہ آج بھی برقرار ہے۔ یوں تو ملک کے قانون میں چھوت چھات کے خلاف کارروائی کی گنجائش ہے لیکن اعلیٰ طبقہ کے مظالم کی اطلاعات ملک کے مختلف حصوں سے وقفہ وقفہ سے منظر عام پر آ رہی ہے ۔ دلت طبقہ کے عام افراد کو مندروں میں داخلہ سے روکنا کوئی نئی بات نہیں لیکن آندھراپردیش میں ایک خاتون رکن اسمبلی کو گنیش پنڈال میں داخلہ سے محض اس لئے روک دیا گیا کہ ان کا تعلق دلت طبقہ سے ہے ۔ اطلاعات کے مطابق وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی رکن اسمبلی وی سری دیوی کو ان کے اپنے اسمبلی حلقہ میں گنیش پنڈال میں داخلہ سے روک دیا گیا۔ سری دیوی کے خلاف تلگو دیشم پارٹی کے ارکان نے احتجاج اور یہ کہتے ہوئے روک دیا کہ ان کے داخلہ سے گنیش کی مورتی کی توہین ہوئی ہے۔ پولیس نے رکن اسمبلی کو برا بھلا کہنے والے چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔ رکن اسمبلی سری دیوی نے الزام عائد کیا کہ تلگو دیشم قائدین آج بھی اعلیٰ طبقہ کی برتری اور چھوت چھات کے قائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔