احمدآباد 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک 25 سالہ دلت نوجوان کو مبینہ طور پر اُس کی بیوی کے رشتہ داروں نے ہلاک کردیا ہے جن کا تعلق اونچی ذات کی برادری سے ہے۔ پولیس نے آج کہاکہ یہ واقعہ گجرات کے ضلع احمدآباد میں مقتول کی بیوی کے گاؤں میں پیش آیا۔ یہ پیر کی رات کا واقعہ ہے جب مقتول ہریش سولنکی اپنے سسرالی گاؤں گیا تھا تاکہ اپنی بیوی ارمیلا بین کو واپس لاسکے جو دو ماہ کی حاملہ ہے۔ ارمیلا کا تعلق اونچی ذات کی دربار کمیونٹی سے ہے۔ ہریش نے چند ماہ قبل اُس کے والدین کی مرضی کے خلاف شادی کیا تھا اور ضلع کچھ میں آکر رہنے لگا تھا جہاں اُس کے والدین بھی رہتے ہیں۔ تاہم اُرمیلا کے رشتہ داروں نے اُسے یہ کہتے ہوئے واپس لالیا تھا کہ چند ہفتے بعد اُسے دوبارہ بھیج دیا جائے گا۔ لیکن وہ وعدے کے مطابق نہ آنے پر جب ہریش اُسے لانے گیا تو اُس کے سسرالی رشتہ داروں نے اُس کا قتل کردیا۔