دلت لڑکی کی عصمت ریزی پر ایس سی ، ایس ٹی کمیشن کی کارروائی

   

Ferty9 Clinic

پولیس سے رپورٹ طلب، مظلوم لڑکی کو ایکس گریشیاکی ہدایت
حیدرآباد ۔8۔ مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ ایس سی ، ایس ٹی کمیشن نے چادر گھاٹ کے علاقہ میں دلت لڑکی کی عصمت ریزی کے واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے اس سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے ۔ کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس نے کہا کہ نابالغ دلت لڑکی کے ساتھ گھناونا جرم ناقابل معافی ہے، لہذا خاطی کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔ کمیشن نے آج اس معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے مظلوم لڑکی کی ہر ممکن طبی امداد کے علاوہ ایکس گریشیا منظور کرنے ریونیو عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی کمیشن مظلوم دلت لڑکی کو انصاف دلانے کی جدوجہد کرے گا۔ صدرنشین ایس سی ، ایس ٹی کمیشن نے اس واقعہ کی اپنے طور پر سماعت کی اور اخباری اطلاعات کی بنیاد پر پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں ۔ انہوں نے ایس سی ، ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے اور ایکس گریشیا ادا کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے پولیس کو سخت اقدامات کرنی چاہئے ۔ کمیشن کے ارکان ودیا ساگر ، آر نائک اور دوسرے سماعت کے موقع پر موجود تھے ۔