جے پور : راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ نے گہلوت کابینہ کی تشکیل نو پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب دلت نمائندگی سے کابینہ کی کمی دور ہوگئی ہے ۔سچن پائلٹ نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ کانگریس پارٹی، سونیا گاندھی اور ریاستی حکومت نے جو کچھ کمیاں تھیں اسے دور کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں قبائلیوں کی نمائندگی بھی شامل ہے ۔ میرے خیال میں یہ ایک ضروری قدم تھا جسے کانگریس اور ریاستی حکومت نے آگے بڑھایا ہے ۔سچن پائلٹ نے کہا کہ اس نئی کابینہ میں چار دلت وزراء شامل ہیں۔ یہ ایک پیغام ہے کہ کانگریس پارٹی، ریاستی حکومت اور پارٹی دلتوں، پسماندہ اور غریبوں کی نمائندگی چاہتی ہے ۔ طویل عرصے سے ہماری حکومت میں دلتوں کی نمائندگی نہیں تھی، اب اس کی تلافی ہوگئی ہے اور انہیں اچھی تعداد میں شامل کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ مسائل پر بات کی ہے ۔ ہم نے کبھی فرد خاص کی بات نہیں کی۔
