حیدرآباد۔14۔اپریل (سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے بی آر ایس حکومت کی جانب سے ڈاکٹر امبیڈکر جینتی تقاریب کے بڑے پیمانہ پر انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم یاد دلایا کہ کے سی آر نے تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر کے طور پر دلت کو مقرر کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ نئی دہلی میں امبیڈکر جینتی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندں سے بات چیت کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر نے کہا کہ کے سی آر نے اعلان کیا تھا کہ وہ تلنگانہ کا پہلا چیف منسٹر دلت ہوگا لیکن ریاست کی تشکیل کے بعد خود اس عہدہ پر فائز ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ مالا اور مادیگا طبقات کے ساتھ ناانصافی کا رویہ برقرار ہے۔ دلت کو ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مجسمہ کی تنصیب اور سکریٹریٹ کو امبیڈکر سے موسوم کرنے جیسے اقدامات سے دلتوں سے انصاف نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں کو تین ایکر اراضی اور دلت بندھو اسکیم کے وعدوں پر عمل آوری ہونی چاہئے۔ر