دلجیت اور ہانیہ کی فلم ’سردار جی 3‘ نے نئی تاریخ رقم کر دی

   

ممبئی، 14 جولائی (ایجنسیز) ہندوستان میں تنازعہ کا شکار ہوکر ریلیز نہ ہونے کے باوجود پنجابی اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ اور پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی فلم ’سردار جی 3‘ نے اوورسیز میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ دلجیت اور ہانیہ کی فلم سردار جی 3 نے بین الاقوامی سطح پر زبردست کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ انڈیا میں ریلیز پر پابندی کے باوجود یہ فلم صرف 15 دنوں میں 50 کروڑ روپے کی اوورسیز کمائی کا ٹارگٹ عبور کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ اس سوپر ہٹ فلم نے جمعہ کے روز 1.75 لاکھ امریکی ڈالر کا بزنس کیا، جس کے بعد اس کی مجموعی بین الاقوامی آمدنی 60 لاکھ ڈالر (تقریباً 51 کروڑ روپے) تک پہنچ گئی۔ اس طرح سردار جی 3 پنجابی سنیما کی تاریخ میں صرف دوسری فلم بن گئی جس نے بیرونِ ملک 50 کروڑ سے زائد کمائی کی ہے۔ دلجیت دوسانجھ کی ہی فلم ’جٹ اینڈ جولیئٹ 3‘ اس سنگ میل کو عبور کرنے والی پہلی پنجابی فلم تھی۔ اب سردار جی 3 نے کیری آن جٹّا 3 (46 کروڑ) کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک اور کارنامہ کیا ہے۔