کھڑی کنٹینرسے تیزرفتاربائیک ٹکراگئی ‘علاقہ میں غم کی لہر
کاماریڈی: 3؍ جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کاماریڈی کے موضع جگن ناتھ پلی (مڈل) میں واقع 161 قومی شاہراہ پر آج ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں تین نوجوانوں کی موت واقع ہو گئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب پلسر بائیک پر سوار تین نوجوان ایک کھڑے ہوئے کنٹینر سے جا ٹکرائے۔تفصیلات کے مطابق جُکل منڈل کے موضع محمدآباد سے تعلق رکھنے والے وینکٹ، گنیش اور بچکنڈہ سے تعلق رکھنے والے نوین نامی نوجوان ماراڈو (منڈل پٹلم) سے اپنے مواضعات کو واپس ہو رہے تھے کہ جگن ناتھ پلی کے قریب ان کی بائیک ایک کھڑے ہوئے کنٹینر سے تیز رفتاری کے سبب ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں وینکٹ اور گنیش موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جب کہ شدید زخمی نوین کو فوری طور پر بہتر علاج کے لیے بانسواڑہ منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہو سکا۔بتایا گیا کہ تینوں نوجوان غیر شادی شدہ تھے اور یہ قریبی دوست تھے۔ ان کی ناگہانی موت سے متعلقہ دیہات میں غم کی فضاء چھا گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پدا کوڈپگل پولیس مقام حادثہ پر پہنچ گئی اور نعشوں کو بانسواڑہ ایریا اسپتال منتقل کرتے ہوئے ضابطہ کی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ڈی ایس پی وِٹھل ریڈی نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تیز رفتاری اور نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے سے گریز کریں کیونکہ یہی لاپرواہی قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہی ہے۔