دلہن کو پولیس کی گاڑی میں شادی کے منڈپ پہنچایا گیا

   

ونپرتی سے محبوب نگر کا سفر، سرکل انسپکٹر نے شادی ٹلنے نہیں دی

حیدرآباد۔ شادی کے منڈپ کو دلہن اور اس کے ماں باپ کی روانگی پولیس کی گاڑی سے ہوگی اس بارے میں شاید ہی کسی نے سنا ہوگا لیکن محبوب نگر میں ایک سرکل انسپکٹر پولیس نے ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دلہن اور اس کے ماں باپ کو اپنی گاڑی میں ونپرتی پہنچایا جہاں شادی مقرر تھی۔ سرکل انسپکٹر نے مقررہ وقت پر دلہن کو پہنچاکر شادی کو ملتوی ہونے سے بچالیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ونپرتی سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کو لڑکی کی شادی کیلئے محبوب نگر جانا تھا ۔ محبوب نگر 1 ٹاون پولیس اسٹیشن کے سرکل انسپکٹر راجیشور گوڑ نے مقررہ وقت پر دلہن کو محبوب نگر کے قریبی موضع کو پہنچایا۔ بتایا جاتا ہے کہ ونپرتی ضلع کے قلعہ گھن پور منڈل کے المیا پلی سے تعلق رکھنے والی لڑکی کی شادی محبوب نگر کے قریبی گاؤں گویا پلی سے تعلق رکھنے والے لڑکے سے آج صبح مقرر تھی۔ لڑکی کے گھر والوں نے روانگی کیلئے ایک گاڑی کا انتظام کیا تھا۔ محبوب نگر ٹاؤن میں پولیس کی تلاشی مہم کے دوران گاڑی میں 30 افراد پائے گئے جس پر پولیس نے گاڑی کو ضبط کرلیا۔ سرکل انسپکٹر راجیشور گوڑ نے دیکھا کہ گاڑی میں دلہن اور اس کے والدین اور شادی کیلئے ضروری سامان موجود ہے۔ انہوں نے شادی کو ملتوی ہونے سے بچانے کیلئے فوری اپنی گاڑی کا انتظام کیا اور دلہن اور اس کے والدین کو مقررہ وقت پر شادی کے منڈپ پہنچادیا۔ دلہا اور دلہن کے والدین اور دیگر رشتہ داروں نے سرکل انسپکٹر سے اظہار تشکر کیا۔ دونوں گاووں میں سرکل انسپکٹر کی ہمدردی کی ستائش کی جانے لگی۔