حیدرآباد7جولائی(یواین آئی) آندھراپردیش کے گورنر وشوابھوشن ہری چندن،وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی اور اپوزیشن لیڈر این چندرابابونے افسانوی اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر انہیں بھرپورخراج پیش کیا۔گورنر نے اپنے پیام میں کہا کہ دلیپ کمار، اداکاری کے مختلف انداز سے ہندوستانی سنیما میں ایک رجحان ساز تھے۔وہ ہندوستانی سنیما کے اداکاروں کی نسلوں کے لئے ایک جذبہ تھے ۔ہری چندن نے دلیپ کمار کوملک کے عظیم اداکاروں میں سے ایک قراردیا جن کا کیرئیر پانچ دہائیوں پر مشتمل تھا۔انہوں نے دلیپ کمار کے غمزدہ ارکان خاندان کو پُرسہ بھی دیا۔وزیراعلی جگن نے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے دکھ کااظہار کیا۔اپنے پیام مین انہوں نے کہاکہ دلیپ کمار ہندوستانی سنیما کی عظیم شخصیت رہے جنہوں نے کئی فلموں میں اپنی ادکاری کے نقوش چھوڑے ۔ان کے انتقال سے ثقافتی شعبہ میں جو خلا پیدا ہوا ہے اس کا پُرہونا مشکل ہے ۔چندرابابو نائیڈو نے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ افسانوی اداکار نے سنیما کو چاہنے والی بیشتر نسلوں کے لئے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔