دلیپ کمار کیخلاف ریمارک پر اُرملا کی بی جے پی قائد کو سرزنش

,

   

کہا تھا: محمد یوسف خان نے ہندو نام رکھ کر خوب پیسے کمائے، بھگوان ان کی آتما کو شانتی دے۔ آپ کو شرم آنی چاہئے: اُرملا

ممبئی: ہریانہ بی جے پی کی سوشل میڈیا اور آئی ٹی ونگ کے سربراہ کو فلم اداکارہ اور شیوسینا قائد ارمیلا ماتونڈکر نے اس وقت زبردست ڈانٹ پلائی جب ارون یادو نامی اس سربراہ نے آج دلیپ کمار کے انتقال پر اپنے دکھ کا اظہار کچھ طنزیہ اور چبھتے انداز میں کیا جس نے اداکارہ سے سیاستداں بننے والی ارملا ماتونڈکر کو برہم کردیا۔ ارون یادو نے اپنے ایک تعزیتی ٹوئٹ پیغام میں کہا کہ محمد یوسف خان کی موت پر انہیں بے حد دکھ ہے جنہوں نے ایک ہندو نام (دلیپ کمار) رکھ کے خوب پیسے کمائے۔ بھگوان ان کی آتما کو شانتی دے۔ یاد رہے کہ ارملا ماتونڈکر پہلے کانگریس سے وابستہ تھیں لیکن انتخابات میں کراری شکست کے بعد انہوں نے شیوسینا میں شمولیت اختیار کرلی تھی چونکہ ان کا تعلق فلم برادری سے ہے لہٰذا دلیپ کمار جیسے سینئر اور افسانوی اداکار پر اس قسم کے طنزیہ ریمارکس انہیں بالکل پسند نہیں آئے۔ دلیپ کمار کا نہ صرف بالی ووڈ بلکہ سیاسی حلقوں میں بھی کافی احترام کیا جاتا ہے۔ ان کے ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو سے بھی بڑے قریبی تعلقات تھے۔ ایسے میں ارملا کا برہم ہونا فطری تھا۔ انہوں نے ارون یادو کو کرارہ جواب دیتے ہوئے صرف تین الفاظ میں پوری بات کہہ دی ’’شیم آن یو‘‘ (آپ کو شرم آنی چاہئے)۔ یاد رہے کہ دلیپ کمار کے انتقال کی خبر ملتے ہی مہاراشٹرا کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے مرحوم کی رہائش گاہ پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کے والد آنجہانی بالا صاحب ٹھاکرے جن کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ وہ مسلمانوں کے دشمن ہیں، خود دلیپ کمار کے دوستوں میں سے تھے۔ قارئین جب تک یہ سطور پڑھ رہے ہوں گے اس وقت تک دلیپ کمار کی تدفین عمل میں آچکی ہوگی۔ انہیں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا جہاں شردپوار، دھرمیندر، شاہ رخ خان، کرن جوہر اور انوپم کھیر نے بھی شرکت کی۔