دلی کے چاندنی چوک میں ترنگا یاترا

   

نئی دہلی، 12 اگست (یو این آئی) قومی پرچم کا احترام کرنے اور لوگوں تک حب الوطنی کے پیغام پہنچانے کے مقصد سے منگل کے روز چاندنی چوک میں رکن اسمبلی پروین کھنڈیلوال کی قیادت میں ترنگا یاترا نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں تاجروں اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنوں نے شرکت کی۔ یہ یاترا تاریخی لال قلعہ کی فصیل کے نیچے سے فتح پوری تک نکالی گئی۔ اس ترنگا یاترا میں شرکت کرنے والے لوگوں میں حب الوطنی کا جوش اور ولولہ قابل دید تھا۔ چاروں طرف لہراتے ترنگوں کو دیکھ کر سارا ماحول حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہوگیا۔ سڑک کے دونوں طرف، عمارتوں کی چھتوں پر، دکانوں کے سامنے اور لوگوں کے ہاتھوں میں ترنگے لہرا رہے تھے۔ ہر طرف حب الوطنی کے نعرے گونج رہے تھے ۔ یاترا میں نہ صرف کاروباری طبقے نے جوش و خروش سے شرکت کی بلکہ خواتین، نوجوانوں، کارکنوں اور مقامی باشندوں کی بڑی تعداد نے بھی اپنی موجودگی درج کروائی۔ سبھی کے چہروں پر ملک کے تئیں فخراور اتحاد کی جھلک صاف دکھائی دے رہی تھی۔