ضلع نرمل میں بجلی گرنے سے تین افراد کی موت، مقامی عوام کا ندی پر پُل تعمیر کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد 12 ستمبر (سیاست نیوز) ضلع نرمل کے پیمبی منڈل کے انگلاپور گاؤں میں جمعرات کو ایک نہایت دل دہلادینے والا منظر سامنے آیا۔ آسمانی بجلی گرنے سے 3 افراد کی موت کے بعد بارش سے بہتی ندی کو عبور کرنے کے لئے نعشوں کو لکڑی سے باندھ کر لے جایا گیا۔ اس واقعہ نے نہ صرف مقامی عوام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا بلکہ سرکاری مشنری کی لاپرواہی پر بھی کئی سوالات کھڑے کردیئے۔ اطلاعات کے مطابق ناگاپور کے رہنے والے اے ایلیا، اے لکشمی اپنے رشتہ دار بی وینکٹی سے ملنے انگلاپور آئے تھے۔ چہارشنبہ کے دن زرعی کام کے دوران گرج و چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔ اس دوران بجلی گرنے سے ایلیا، لکشمی اور وینکٹی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ جمعرات کی صبح ریونیو، پولیس اور طبی عملہ مقامی افراد کے ساتھ تیز رفتار سے بہنے والی ندی کو پار کرتے ہوئے جائے حادثہ پہونچے۔ خانہ پور سرکاری ہاسپٹل کے ڈاکٹر نے موقع پر ہی پوسٹ مارٹم کیا۔ بعدازاں ایلیا اور لکشمی کی نعشوں کو کپڑے میں لپیٹ کر لاٹھیوں سے باندھا گیا اور گاؤں والوں کے تعاون سے پانی کے تیز بہاؤ کو عبور کرتے ہوئے ناگاپور پہونچایا گیا۔ نعشوں کو اس انداز میں منتقل کرنے کے مناظر دیکھ کر ہر آنکھ نم ہوگئی۔ مقامی عوام کا کہنا ہے کہ اگر اس نالے پر برج تعمیر ہوتا تو ایسی کٹھن صورتحال پیش نہ آتی۔ مقامی عوام نے اس نالے پر فوری پُل تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا اور کہاکہ یہ صرف سہولت کا نہیں بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ کا مسئلہ ہے لہذا اس پر فوری توجہ دی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی اور خاندان ایسی اذیت ناک صورتحال سے نہ گزرے۔ یہ حادثہ صرف ایک گاؤں کا دُکھ نہیں بلکہ سرکاری مشنری کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔2