مقامی بی جے پی قائدین اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے کوشاں۔ پولیس مصروف تحقیقات
نظام آباد :20؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایس ایچ او Iٹائون نظام آباد وجئے کمار نے بتایا کہ گاندھی چوک پر قومی پرچم کو نذرآتش کرنے کی کوشش میں بی جے پی کے سینئر قائد دھن پال سوریہ نارائنا کی شکایت پر واجد علی نامی شخص کو گرفتار کرتے ہوئے ریمانڈ پر دے دیا ۔ تفصیلات کے بموجب شہر نظام آباد کے مصروف چوراستہ گاندھی چوک پر احمد پورہ کالونی کے واجد علی قومی پرچم جلانے کی کوشش کررہے تھے ۔ ایک سماجی کارکن نے اسے دیکھ کر روکنے کی کوشش کی اور اس بات کی اطلاع ملنے پر بی جے پی کے دھن پال سوریہ نارائنا نے ایس ایچ او Iٹائون کو شکایت کی اور ضلع بی جے پی صدر بسوا لکشمی نرسیا نے اے سی پی کو شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ گاندھی چوک پر ایک شخص قومی پرچم کو نذرآتش کررہا تھا اور اس کا تعلق مسلم طبقہ سے ہے اوریہ ممنوعہ تنظیموں سے وابستہ ہے کیا اس بارے میں دریافت کرنے کی خواہش کی ۔ ایس ایچ او وجئے کمار نے بتایا کہ واجد علی احمد پورہ کالونی سے تعلق رکھتا ہے جبکہ ان کے افراد خاندان کو دریافت کرنے پر پتہ چلا کہ اس کا دماغی توازن ٹھیک نہیں ہے جس کی وجہ سے اس کے بیوی بچے بھی اسے چھوڑ کر چلے گئے ہیں ۔ بی جے پی اس واقعہ کو لے کر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے کوشاں ہے تاکہ شہر میں فرقہ پرست ماحول گرم ہو جبکہ یہ شخص کے بارے میں واضح طور پر دماغی توازن ٹھیک نہ ہونے کے ثبوت بھی بتائے جارہے ہیں ۔ پولیس اس خصوص میں مصروف تحقیقات ہے۔