دمشق پر اسرائیل کے فضائی حملے ،15 افراد ہلاک

   

دمشق : شام کے دارالحکومت دمشق پر اسرائیل کے فضائی حملے میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔اتوار کی صبح شام کے سرکاری میڈیا نے بتایا کہ اسرائیل نے فضائی حملوں میں وسطی دمشق کیایک رہائشی محلے کو نشانہ بنایا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے بارہ بجے کے قریب دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، اور سرکاری ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا کہ شام کا فضائی دفاع ’دمشق کے آس پاس آسمان میں دشمن کے حملوں کا مقابلہ کر رہا ہے۔‘شام کی سرکاری نیوز ایجنسی صنعاء نے ایک فوجی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے خبر دی ہے کہ ’متعدد رہائشی عمارتوں کی تباہی کے ساتھ 15 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ ایک فوجی اور 15 شہری زخمی بھی ہوئے۔برطانیہ میں قائم جنگ پر نظر رکھنے والے سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے اطلاع دی ہے کہ دمشق کے دیہی علاقوں میں ایرانی ملیشیا اور لبنانی عسکریت پسند گروپ حزب اللہ کے زیرِ استعمال عمارتوں اور ایک ایرانی سکول پر حملوں میں ایک خاتون سمیت 15 افراد ہلاک ہوئے۔اس حملے پر اسرائیل کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔اسرائیل کی افواج فضائی حملوں میں اکثر دمشق کے آس پاس کے مقامات کو نشانہ بناتی ہیں۔ 6 فروری کو ترکی اور شام میں 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے کے بعد ہفتہ کی رات ہونے والے یہ پہلے حملے تھے۔دمشق پر اسرائیل کا آخری حملہ گزشتہ ماہ 2 جنوری کو ہوا تھا۔