دنیابھر کے دس سرفہرست آلودہ شہروں میں ہندوستان کے پانچ شہر شامل

   

ہندوستان کو دنیا کے آلودہ ترین ممالک میں چھٹا مقام، سویس ایئر کوالیٹی ٹکنالوجی کمپنی کی رپورٹ
حیدرآباد۔4۔اپریل (سیاست نیوز) دنیا بھر کے 10سرفہرست آلودہ شہروں میں ہندستان کے 5 شہر شامل ہیں جن میں لونی ‘ بیرنی ہات ‘ دہلی ‘ غازی آباد کے علاوہ اولا شامل ہیں۔ سویس ایئر کوالیٹی ٹکنالوجی کمپنی نے سال 2025کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے پڑوسی ملک پاکستان کو دنیا بھر کے 143 ممالک میں سب سے زیادہ آلودہ ملک قرار دیا ہے جبکہ ہندستان دنیا کے آلودہ ترین ممالک میں 6ویں نمبر پر ہے۔ ہندستان میں تیزی سے بڑھ رہی فضائی ‘ صوتی اور ماحولیاتی آلودگی کا جائزہ لینے کے بعد جاری کی گئی اس رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ دنیا کے 25 سرفہرست آلودہ شہروں کا تعلق ہندستان ‘ پاکستان اور چین سے ہے۔ بتایاجاتاہے کہ کمپنی نے 9446 شہروں اور 143 ممالک کے ائیر کوالیٹی انڈیکس کا جائزہ لینے کے بعد تیار کی گئی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا ہے۔ دنیا کے آلودہ ترین ممالک میں سرفہرست پاکستان ہے جبکہ دوسرے نمبر پر بنگلہ دیش‘ تیسرے نمبر پر تاجکستان ‘ چوتھے نمبر پر چھاڈ اور 5ویں نمبر پر کانگو ہے اس کے بعد ہندستان کو چھٹے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ دنیا بھر کے بیشتر ممالک میں آلودگی میں اضافہ ہی ریکارڈ کیاگیا ہے جبکہ آلودگی سے پاک ماحول کی تیاری کے لئے دنیا کے کئی ممالک میں شعور بیداری مہم چلائی جار ہی ہے لیکن اس کے کوئی مثبت نتائج برآمد نہیں ہورہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق عالمی ادارہ ٔ صحت نے جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں ان کے مطابق اگر حکومتوں کی جانب سے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں ماحولیاتی ‘ صوتی اور فضائی آلودگی پر قابو پایا جاسکتا ہے اور اسے کم کرنے کے اقدامات یقینی بنائے جاسکتے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ 54 ممالک میں فضائی آلودگی میں ایک سال کے دوران اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے اور اس اضافہ پر قابو پانے کے سلسلہ میں متعدد سفارشات بھی ان ممالک کو روانہ کی جاچکی ہیں۔ دنیا میں سب سے زیادہ آلودہ شہر ہندستانی ریاست اترپردیش میں ہونے کی توثیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہندستانی ریاست اترپردیش کے شہر ’’لونی ‘‘ کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ آلودہ شہر قراردیا گیا ہے اور دوسرے نمبر پر ہندستان کا دارالحکومت دہلی ہے جہاں آلودگی میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے۔M3