دنیا اب بھارت کی بات انہماک سے سنتی ہے ،راجناتھ کا دعوی

   

جموں: مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت کا وقار اور قد عالمی سطح پر بڑھ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قبل ازیں جب بھارت بین الاقوامی سطحوں پر کوئی بات کرتا تھا تو اس کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا تھا۔ان کا کہنا تھا لیکن جب سے سال 2014 میں نریندر مودی نے اقتدار سنبھالا تب سے صورتحال تبدیل ہوئی ہے ۔موصوف وزیر دفاع نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں جموں یونیورسٹی کے جنرل زورا ور سنگھ آڈیٹوریم میں قومی سیکورٹی کنکلیو سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ آج جب بھارت بولتا ہے تو دنیا انہماک سے سنتی ہے ایسا پہلے نہیں ہوتا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں آج بین الاقوامی سطح پر بھارت کا وقار بڑھ گیا ہے اور اس کا قد بھی اونچا ہوا ہے ، جس سے مودی جی نے اقتدار سنبھالا ہے تب سے صورتحال تبدیل ہوئی ہے ۔ وزیر اعظم کے حالیہ 6 روزہ دورہ امریکہ اور مصر کے تناظر میں بات کرتے ہوئے راجناتھ نے کہا کہ ایک ملک کے وزیر اعظم نے ہمارے وزیر اعظم کو ’باس ‘ قرار دیا جبکہ امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے کہا کہ مودی اس قدر مقبول ہیں کہ اُن کا آٹو گراف لینے کی خواہش ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ماہ گذشتہ سڈنی میں منعقدہ ایک ڈیاسپورا پروگرام میں، آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانی نے مودی کو ’باس‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے بھارتی ہم منصب کو وہ استقبال دیا گیا جو سال 2017 میں اسی مقام پر پرفارم کرتے ہوئے امریکی راک سٹار ہروس اسپرنگسٹن کو بھی نہیں ملا تھا۔