دنیا ایک اور بڑی جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی : گوٹیرس

   

اقوام متحدہ ۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عراق میں موجود امریکی فوجی ٹھکانوں پر ایران کے بالسٹک میزائل حملوں کے تناظر میں اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری انٹونیو گوٹیرس نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایران اور امریکہ کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کو دور کرنے کیلئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں گے تاکہ ایک اور بڑی جنگ کے خطرہ کو ٹا لاجاسکے۔ دنیا اب ایک اور جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ سکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفانی دوجارک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں گوٹیرس نے دونوں ممالک سے امن و امان قائم رکھنے کی دوبارہ اپیل کی جو انہوں نے پیر کے روز بھی اس وقت کی تھی جب امریکی ڈرون حملے میں ایران کے فوجی جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کئے جانے کے بعد خلیجی خطہ میں کشیدگی ڈرامائی انداز میں اپنے عروج پر پہنچ گئی تھی۔ دوسری طرف ایران نے وضاحت کردی کہ چہارشنبہ کی اولین ساعتوں میں اس نے عراق میں امریکی فوجیوں اور اتحادی فوجیوں کے زیراستعمال رہنے والے دو ٹھکانوں پر بالسٹک میزائلس داغے تھے اور 80 امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ امریکہ نے کسی بھی فوجی کے ہلاک ہونے کو مسترد کردیا۔