دنیا بھر سے عوام کو چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دورہ حیدرآباد کی دعوت دی

   

تلنگانہ رائزنگ 2047 ویژن کے تحت منفرد پوسٹر مہم کا آغاز، حیدرآباد کی تہذیب و ثقافت کی تشہیر
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ رائزنگ 2047 ویژن کے تحت دنیا بھر کے عوام کو حیدرآباد کے دورہ کی دعوت دی ہے۔ چیف منسٹر نے منفرد انداز میں تلنگانہ اور بالخصوص حیدرآباد کی ترقی اور سیاحتی و ثقافتی ورثاء کو دنیا کے روبرو پیش کرنے کی مساعی کی ہے ۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد کو عالمی ٹکنالوجی کے مرکز کے طور پر پیش کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد ہندوستان کا رہائش کیلئے سب سے موزوں شہر ہے۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے پوسٹر مہم کا آغاز کیا گیا جس پر حیدرآباد کے نقشہ پر خیرمقدمی پیامات درج کئے گئے جو مختلف زبانوں میں موجود ہیں جس کے ذریعہ حیدرآباد کی تہذیب کی ترجمانی ہوتی ہے۔ چیف منسٹر نے اپنے پیام میں کہا کہ بھلے ہی آپ کی زبان مذہب اور لائف اسٹائل مختلف کیوں نہ ہو لیکن حیدرآباد آپ کے استقبال کیلئے ہاتھ پھیلائے ہوئے ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حیدرآباد کا دورہ کریں۔ یا کام کریں ، سرمایہ کاری ، تعلیم اور ترقی میں خود کو شامل کریں۔ حیدرآباد میں خوشحالی و ترقی آپ کی منتظر ہے۔ مہم کے ذریعہ حیدرآباد کی ترقی اور یہاں مختلف شعبہ جات میں موجود بہتر مواقع کو شوکیس کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھروسہ دلایا کہ حیدرآباد آپ کی مدد کیلئے تیار ہے اور آپ کے خوابوں کو حقیقت میں تبدیل کرے گا۔ چیف منسٹر کے پیام کے ذریعہ حیدرآباد کی ترقی کے علاوہ سماج میں کھلے دل سے استقبال اور رہائش کی عمدہ سہولتوں سے واقف کرایا۔1