وٹیکن سٹی : پوپ فرانسس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ دنیا بھر میں تارکین وطن اور مہاجرین کے ساتھ مہربانی اور ہمدردی کا سلوک روا رکھا جائے۔ پوپ فرانسس نے یہ بیان مالٹا کے دو روزہ دورہ پر دیا۔ اتوار کو اپنے دورے کے دوسرے اور آخری دن انہوں نے رابات کے مقدس مقام باسیلیکا آف سینٹ پال کیتھولک چرچ میں ایک دعائیہ تقریب میں یورپ کو خاص طور سے یہ پیغام بھیجا کہ اس وقت یورپ میں مہاجرین اور تارکین وطن کا گرمجوشی اور ہمدردانہ جذبے کے ساتھ خیر مقدم کیا جانا چاہیے۔ بحیرہ روم کے اس علاقے سے کیتھولک چرچ کی تاریخ کے چند اہم واقعات منسوب ہیں جن میں جہاز کی تباہی کے بعد اس علاقے میں انسانی ہمدردی کی مثال پیش کی گئی تھی۔