دنیا بھر میں جمہوریت ’کمزور اور کم تر‘ ہو گئی:رپورٹ

   

برلن 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں غیر تسلی بخش اور کم جمہوری حالات میں زندگی گزارنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اس نئے مطالعاتی جائزے کے مطابق عدم مساوات اور جبرعالمی اقتصادی منڈی کو بھی کمزور کر رہے ہیں۔جرمنی کی برٹیلسمن فاؤنڈیشن کی نئی مطالعاتی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سیاسی آزادی اور قانون کی حکمرانی کو پامال کیا جا رہا ہے۔ اس فاؤنڈیشن کے ٹرانسفارمیشن انڈیکس کے مطابق دنیا بھر میں جمہوریت اور مطلق العنان حکومتوں کے جابرانہ رویوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔جرمنی کی فاؤنڈیشن نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر جمہوریت میں کمی کی بنیادی وجوہات طاقت کا غلط استعمال اور اقرباء پروری ہیں۔ اس کے نتیجے میں معاشرتی اور معاشی عدم مساوات وسیع تر ہوتا جا رہا ہے۔ اس مطالعاتی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حالیہ کورونا وائرس کے بحران کی وجہ سے بھی دنیابھر کی جمہوری حکومتوں کو خطرہ ہے۔مسلسل چھٹی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ دنیا بھر میں جمہوریت، مارکیٹ اکانومی اور گورننس کا معیارکم ہوا ہے اور اس مرتبہ یہ اپنی نچلی ترین سطح پر ہے۔ اس جرمن فاؤنڈیشن نے اس رپورٹ کی تیاری کے لیے 137ممالک میں 74 جمہوری اور 63مطلق العنان حکومتوں کے رویوں کا جائزہ لیا ہے۔اس معالعاتی رپورٹ کے مصنفین کے مطابق ’’مستحکم جمہوریتوں میں قانون کی حکمرانی اورشہری آزادیوں کو ختم کرنا حیران کن ہے‘‘۔