دنیا بھر میں جنگ بندی کی اپیل کی تائید : پوپ

   

وٹیکن سٹی 29 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پوپ فرانسیس نے اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری کی اس اپیل کی تائید کی ہے کہ دنیا بھر میں جتنی بھی لڑائیاں ہو رہی ہیں انہیں روک دیا جانا چاہئے اور جنگ بندی نافذ کی جانی چاہئے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان لوگوں کیلئے فکرمند ہیں جو گروپس کی شکل میں رہنے پر مجبور ہیں چاہے وہ بیت المعمرین ہوں ‘ فوجی بیارکس ہوں یا پھر جیلیں ہوں۔ اپنے روایتی اتوار کے اظہار خیال میں پوپ نے انسانی بنیادوں پر امداد کی راہداری شروع کرنے پر زور دیا اور کہا کہ جو شعبہ شدید متاثر ہوسکتے ہیں ان میں خاص طور پر سفارتی سرگرمیاں شروع کرنے کی ضرورت ہے ۔ وہ اس سلسلہ میں سکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی اپیل کی حمایت کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ انٹونیو گواٹیرس نے دنیا بھر میں جنگ بندی نافذ کرنے کی اپیل جاری کی تھی ۔

پوپ فرانسس کورونا سے متاثرنہیں
روم، 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) عیسائیوں کے پیشوا پوپ فرانسس کورونا ٹسٹ میں منفی پائے گئے ہیں جبکہ وٹیکن سٹی میں چھ افراد میں اسکے اثرات کی تصدیق ہوئی ہے ۔ دی کیتھولک ہیرالڈ نے وٹیکن سٹی کے ترجمان ماٹیوبرونی کے حوالہ سے یہ اطلاع دی ہے ۔ مسٹر ماٹیو نے کہاکہ میں کہہ سکتا ہوں کہ فادر اور ان کے قریبی ساتھی کووڈ -19 مثبت نہیں ہیں۔ترجمان کے مطابق وٹیکن میں چھ افراد اس اوائرس سے متاثر ہیں۔ پوپ کو یہ وائرس لاحق نہیں ہے ۔