دنیا بھر میں مہاتما گاندھی کو قائدین اور عوام کا خراج

   

بین الاقوامی یوم عدم تشدد کا انعقاد، فرانس ، فلسطین اور سری لنکا اور فرانس میں یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری
نیویارک / بیجنگ / کولمبو ۔ 2 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کے 150 ویں یوم پیدائش کے موقع پر دنیا بھر کے لوگوں نے انتہائی پر اثر خراج عقیدت ادا کیا ۔ اس موقع پر فرانس ، سری لنکا اور فلسطین میں مہاتما گاندھی کے کارنامۂ حیات اور وراثت کو یاد کرتے ہوئے یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کئے ۔ دعائیہ اجتماعات اور بھجنوں کا اہتمام کیا گیا ۔ دنیا بھر کے تقریباً تمام ممالک میں واقع ہندوستانی سفارتخانوں میں یادگار تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا اور مقامی قائدین کے علاوہ شہری سماج کے ارکان نے مہاتما گاندھی کو ساز و گل پر مبنی خراج عقیدت ادا کیا ۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوئیٹریس نے کہا کہ مہاتما گاندھی عدم تشدد پر مبنی ایسی تمام عالمی تحریکات کے بانی محرک و معمار ہیں جن (تحریکوں) نے تاریخ کو بدل دیا۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’(ان کی) پیدائش کے 150 سال گزرجانے کے باوجود گاندھی کا فلسفہ اقوام متحدہ آج بھی ہمارے کام کی اساس و بنیاد ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ ان کا عزم و حوصلہ ہمیں بین الاقوامی یوم عدم تشدد کے موقع پر اور ہر دن بدستور رہنمائی کرتا رہے‘‘۔ واضح رہے کہ گاندھی جینتی کے موقع پر 2007 ء سے 2 اکتوبر کو دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے یوم عدم تشدد کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ اس موقع پر اس عظیم قائد کی خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا جاتا ہے جنہوں نے کرۂ ارض کو امن ، عدم تشدد اور آفاقی اخوت کا پیغام دیا تھا۔

سری لنکا میں وزیراعظم وکرما سنگھے نے اپنی سرکاری رہائش گاہ ’ٹمپل ٹریز‘ میں مہاتما گاندھی کے کانسہ سے تیار شدہ مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی ۔ جزیرہ پر مشتمل ملک سری لنکا میں مہاتما گاندھی کے یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کئے گئے ۔ نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو میو واقع ہندوستانی سفارتخانہ کے احاطہ میں مہاتما گاندھی کے پہلے مجسمہ کی نقاب کشائی عمل میں آئی۔ کٹھمنڈو کے انڈیا ہاؤز میں کھادی اور دستکاری نمائش کا اہتمام کیا گیا ۔ وزیراعظم کے پی شرما اولی نے سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے مہاتما گاندھی کے کارناموں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ کے عوام پارک میں 2005 ء سے ہر سال 2 اکتوبر کو گاندھی جینتی تقریب کا بڑ ے پیمانہ پر انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے لیکن اس مرتبہ وہاں ان تقاریب کے انعقاد کی اجازت لمحہ آخر میں منسوخ کردی گئی اور اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی کہ آیا آخر کس وجہ سے اجازت منسوخ کی گئی ہے۔ بنگلہ دیش ، فلسطین ، فرانس ، برطانیہ ، سنگا پور ، جاپان ، سعودی عرب ، دبئی ، متحدہ عرب امارات میں یادگار تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔