کئی اخبارات کی دلچسپ سرخیاں ، خدا امریکہ کا حامی و ناصر ، امریکہ کیلئے نئی صبح
لندن : امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونالڈ ٹرمپ کی بدترین شکست کا ساری دنیا نے خیرمقدم کیا ہے ۔ دنیا کے طاقتور میڈیا ، اداروں اور اخبارات نے دلچسپ سرخیاں لگاکر خبریں شائع کی ہیں ۔ خدا امریکہ کا حامی و ناصر ہوں جیسی سرخیوں کے ساتھ لکھا گیا کہ نومنتخب صدر جوبائیڈن کو امریکہ کے زخموں کے علاج کے بڑے چیالنجوں کا سامنا ہوگا ۔ عالمی سطح کے اخبارات نے نو منتخب نائب صدر کملا ہیرس کی کامیابی کو توجہ کا مرکز بنایا جو امریکہ کی پہلی خاتون اور پہلی سیاہ فام نائب صدر بنیں گی ۔ برطانوی اخبار دی انڈی پینڈنٹ نے ’’امریکہ کیلئے نئی صبح ‘‘ کی سرخی لگاتے ہوئے جو خبر شائع کی ہے اس میں تصویر استعمال کرتے ہوئے کملا ہیرس کو جوبائیڈن کے ساتھ کھڑے ہوئے بتایا گیا ہے اور اپنی تاریخی کامیابی پر اظہار مسرت کررہے ہیں ۔ سنڈے ٹائمس نے سرخی لگائی کہ ’’خوابیدہ ، جونے امریکہ کو جگادیا ‘‘ اس سرخی میں ٹرمپ پر طنز کیا گیا ہے ۔ جنہوں نے بائیڈن کیلئے توہین آمیز عرفیت استعمال کی تھی ۔ اخبار دی سنڈے پیپل نے بڑے بڑے الفاظ میں لکھا کہ ’’ خدا امریکہ کا حامی و ناصر ہو‘‘ جرمنی کے بڑے اخبار بلڈ نے ٹرمپ کی تصویر شائع کی جس کے ساتھ سرخی لکھی کہ عزت کے بغیر رخصتی (بڑے بے آبرو ہو کر وائیٹ ہاؤز سے نکلے) جرمنی کے اخبارات نے بھی لکھا کہ بائیڈن کو اب ورثہ میں بھاری ذمہ داریاں ملی ہیں ۔ ایسا سوچا نہیں جاسکتا تھا کہ ٹرمپ شکست تسلیم کرلیں گے ۔ آسٹریلیا میں اخبار ڈیلی گراف نے ٹرمپ کو غصہ سے گرم گولا قرار دیا ۔ ایران کے قدامت پسند اخبار نے بھی ٹرمپ کے زوال پر خوشی کا اظہار کیا ۔ سعودی عرب کے اخبار عکاظ نے ٹرمپ انتظامیہ کے سعودی مملکت کے ساتھ مضبوط تعلقات کا حوالہ دیا ۔ جوبیڈن کے دور حکومت میں امریکہ کی مشرق وسطیٰ کے بارے میں پالیسی پر سوال اٹھایا ۔