اسپین ، امریکہ اور اٹلی میں شدید وبا ء۔ صرف یوروپ میں 50ہزار سے زیادہ اموات
بیجنگ ؍ جنیوا ؍ نئی دہلی 06 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ دنیا کے بیشتر ممالک میں اس انفیکشن کی وجہ سے 70,000سے زائد افراد کی موت ہوچکی ہے جن میں اعداد وشمار کے مطابق 50ہزارسے زیادہ اموات یوروپ میں ہوئی ہیں۔ اس وباء سے 12 لاکھ 74 ہزار افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ اب تک ، دنیا بھر میں 2.59 لاکھ افراد اس وائرس سے ٹھیک بھی ہوچکے ہیں۔ہندوستان میں بھی کورونا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے اور پیر کی صبح وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، ملک کی 30 مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب تک 4067 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں ، جبکہ 109 افراد کی موت ہوگئی ہے۔ اسی کے ساتھ ہی 292 افراد کو صحتیاب ہونے کے بعد دواخانوں سے ڈسچارج کردیا گیا۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ یورپی ملک اٹلی ہے جہاںاس وبا سے سب سے زیادہ 15,887 افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ 128,948 افراد اس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔دنیا بھر میں اٹلی میں اس بیماری سے سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔اس عالمی وبا کا مرکز ، چین میں اب تک 81,708 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 3,331 افراد فوت ہوچکے ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق ، چین میں اموات کی 80 فیصد تعداد 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کی ہی ہے۔ اس وبا نے امریکہ میں ایک زبردست شکل اختیار کرلی ہے ، جسے دنیا کا سوپر پاور سمجھا جاتا ہے ۔ اب تک یہاں 337,638افراد متاثر ہوچکے ہیں ، جن میں سے 9,647افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔دوسری طرف ، اسپین اس انفیکشن سے سب سے زیادہ متاثر ممالک کی فہرست میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔ اب تک 130,759 افراد اس کا شکار ہوچکے ہیں اور اس کی وجہ سے 12,418 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اسپین بھی موت کے معاملے میں اٹلی کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔اس کے علاوہ ، جرمنی میں بھی ، 91,714 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1,342افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ فرانس میں 82,165افراد متاثر ہوئے ہیں اور اس کی وجہ سے 7560 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ کورونا سے ہونے والی موت میں فرانس جرمنی سے بہت آگے ہے ۔اس کے علاوہ ، برطانیہ میں 47,806 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 4,934 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ایران میں 58,226 افراد متاثر اور 3603افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ایک ہی وقت میں ، نیدرلینڈ میں 1,766 ، بلجیم میں 1,447 ، ترکی میں 574، سوئٹزرلینڈ میں 559، برازیل میں 486، سویڈن میں 401، پرتگال میں 295 ، کینیڈا میں 280اور آسٹریا میں 204افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جنوبی کوریا میں ، اس وبا کی وجہ سے 163افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 10,000 سے زیادہ افراد اس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ابھی بھی دنیا بھر کے اسپتالوں اور میڈیکل سینٹرز میں زیر علاج مریضوں میں سے 5فیصد یعنی 45,592کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ روز تک یوروپ کا شہر اٹلی کورونا وائرس کے مریضوں کے لحاظ سے دنیا میں دوسرے نمبر پر تھا مگر اب 131,646کورونا متاثرین کے ساتھ اس جگہ اسپین کھڑا ہے ۔ 128,948متاثرین کے ساتھ اٹلی تیسرے نمبر پر آگیا ہے ۔ یورپ کے تیسرے شہر جرمنی میں کورونا وائرس کے مریض ایک لاکھ سے متجاوز (100,123)ہونے کے باوجود شرح اموات (1,584) مندرجہ بالا دونوں یوروپی ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہے جبکہ صحت مند ہونے والے مریضوں (28,700)کا تناسب بھی دیگر یوروپی ملکوں سے بہتر ہے ۔
جرمنی کے مقابلہ میں چوتھے یوروپی شہر فرانس میں کورونا وائرس متاثرین (92,839) کم ہیں مگر ہلاکتیں 8,078 بہت زیادہ اور صحت مند افراد کی تعداد (16,183) کم ہے۔