دنیا بھر میں کورونا اموات کی تعداد 31 ہزار سے متجاوز

,

   

6.5 لاکھ سے زیادہ متاثر۔ چین کی صورتحال میں بہتری ۔ اٹلی ‘ اسپین اور ایران میں وائرس کا قہر جاری
بیجنگ/ جینوا 29مارچ( سیاست ڈاٹ کام )دنیا کے 185ممالک میں پھیل چکے کورونا وائرس کا قہر جاری ہے ۔اب تک اس وائرس سے دنیا میں 31000 سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔جبکہ 652721 متاثر ہیں۔ اس وبا کے مرکز چین میں صورت حال میں بہتری آئی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں 45نئے معاملے سامنے آئے ہیں ۔جبکہ پانچ ا فراد کی موت ہو ئی ۔چین میں اب تک 81439 نتیجے مثبت پائے گئے اور 3300افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہو ئی اموات میں 80 فیصد افراد 60 سال سے اوپرکے تھے ۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے درمیان کورونا سے متعلق سنگین صورت حال اٹلی اور اسپین سے سامنے آئی ہے ۔عالمی وبا کورونا سے بری طرح متاثر اٹلی میں اس سے مرنے والوں کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔اٹلی کے محکمہ شہری تحفظ کے سربراہ ، انجیلو بوریلی نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میںاس وائرس سے 889اموات ہوئی ہیں۔اٹلی میں کورونا انفکشن کے 3651 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔جس سے مجموعی تعداد 92472 ہو گئی ہے ۔اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد 5982 ہوگئی ہے ۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ، اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 72،248 ہوگئی ہے ۔خلیجی ملک ایران میں کرونا وائرس نے تباہی مچائی ہوئی ہے ۔ ایران میں اس وائرس سے 2517 افرادہلاک ہوچکے ہیں۔ جبکہ 35408 متاثر ہوئے ہیں۔جنوبی کوریا میں ، حکومت نے گذشتہ کچھ دنوں کے دوران صورتحال کو کافی حد تک قابو کرنے کی کوشش کی ہے ، جس میں اسے کچھ کامیابی بھی ملی ہے ۔ یہاں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 152 تک جا پہنچی ہے جبکہ 9583 متاثرہیں۔یہ بیماری امریکہ میں بھی پھیل چکی ہے ،

ایک ایسا ملک جس میں چینی نژاد شہریوں کی ایک بڑی تعداد ہے ۔ امریکہ میں اب تک 2190 افراد کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 1،24،377متاثر ہوئے ہیں۔ چین کے علاوہ ، کورونا وائرس نے اٹلی ، ایران ، امریکہ اور جنوبی کوریا سمیت دنیا کے بیشترممالک کو اپنی زد میں لے لیا ہے ۔ اس کے نصف سے زیادہ متاثرین اب چین سے باہر کے ہیں۔عالمی ادارہ صحت رپورٹ کے مطابق چین کے بعد یہ مہلک وائرس اٹلی میں اپنے قدم جما چکا ہے اور یہاں کورونا سے اموات کی تعداد چین سے دوگنی ہوگئی ہے ۔ دنیا کے کچھ دوسرے ممالک میں بھی صورتحال کافی سنگین بنی ہوئی ہے ۔فرانس بھی کورونا وائرس سے شدید متاثر ہوا ہے اور اب تک اس سے2314 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 37،575 اس میں مبتلا ہیں۔ برطانیہ میں کورونا سے 1019 ، نیدرلینڈ میں 639 ، جرمنی 325 ، سویزرلینڈ 235 ، بیلجیئم 353 ، ترکی 108 ، برازیل 114 ، سویڈن 102 ، انڈونیشیا 102 ، پرتگال 100 ، آسٹریا 68 ، فلپائن 68 ، کینیڈا 60 ، ڈنمارک 65 ، جاپان 52 ، سویڈن 102 ، ایکواڈور48 ، عراق 42 ، مصر 36 ، یونان 32 اور ملائیشیا میں 27 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بنگلہ دیش میں اب تک 48 افراد کے متاثر ہونے کی خبر ہے ، جبکہ پانچ اموات ہوئی ہیں۔ نیپال میں اب تک صرف چار متاثرہ مریضوں کا پتہ چلا ہے ، ان میں سے ایک پوری طرح صحت یاب ہو چکا ہے ۔جبکہ افغانستان میں 110افراد اس سے متاثر ہے ۔مہلک کورونا وائرس پھیلنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ، اقوام متحدہ نے اس انفیکشن کی روک تھام کیلئے ایک کروڑ پچاس لاکھ امریکی ڈالر کی امداد کی پیش کش کی ہے ۔ اس فنڈ کو خصوصی طور پر ان ممالک میں استعمال کیا جائیگا جن میں صحت کی دیکھ بھال کے کمزور نظام ہیں۔ ڈبلیو ایچ او نے کورونا کے خلاف لڑائی کیلئے 67 کروڑ 50لاکھ ڈالر جمع کرنے کی اپیل کی ہے ۔