عوام امید کا دامن نہ چھوڑیں، ایسٹر سنڈے پر پوپ فرانسس کا پیغام
وٹیکن سٹی: دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر سنڈے کا تہوار منا رہی ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام سے منسوب اس تہوار کے موقع پر گرجا گھروں میں عبادات کی جاتی ہیں۔ویٹی کن میں تقریب سے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک نیا آغاز ہمیشہ ممکن ہوتا ہے کیونکہ انسان کی تمام تر ناکامیوں کے باوجود خدا پھر سے نئی زندگی دے سکتا ہے۔پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ ٹوٹے دلوں سے فن تخلیق ہو سکتا ہے، انسانیت کی باقیات سے تاریخ رقم کی جاسکتی ہے۔کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا نے مزید کہا کہ کورونا سے آئی تاریکیاں بھی چھٹ جائیں گی اور ہم ایک بار پھر روشنیوں میں زندگی گزار سکیں گے۔پوپ فرانسیس نے وٹیکن میں منعقدہ تقریب میں شمع روشن کی اور کہا کہ لوگوں کو وبا کے دنوں میں امید کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے۔ فرانس کے اسٹورس میں چاکلیٹ سے تیار کردہ روایتی انڈے رکھے گئے ہیں۔ وبا کے باوجود ایسٹر کے موقع پر چاکلیٹ اور مٹھائیوں کی دکانیں کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی۔
